اسلام آباد: عدالت نے قذف آرڈیننس کیس میں امریکی شہری سنتھیا رچی کو 30 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پی پی رہنما رحمان ملک کی سنتھیا رچی کے خلاف قذف آرڈیننس پرسماعت ہوئی جس میں سنتھیارچی کے وکیل نے ضمانتی مچلکے پاکستانی روپوں میں جمع کرانے کی درخواست کی۔
عدالت نے سنتھیا رچی کے وکیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 30 ہزار کے مچلکے عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔
سنتھیا رچی نے درخواست قذف آرڈیننس پرپورا نا اترنے پر مقدمہ خارج کرنےکی درخواست کی جس میں مؤقف اپنایا گیا ہےکہ شکایت کنندہ قذف آرڈیننس کے مطابق ’محسن‘ نہیں قرار دیا جاسکتا اور جو شخص محسن قرار نا دیا جا سکے وہ قذف کا کیس نہیں کرسکتا۔
اس موقع پر رحمان ملک کے وکیل نےکہا کہ سنتھیا رچی عدالتی حکم کے باوجود مسلسل بدنامی پرمبنی مواد پوسٹ کررہی ہیں، ان کے بدنامی پرمبنی مواد پوسٹ کرنے پر توہین عدالت کا مقدمہ کیا جائے۔
دورانِ سماعت جج نے سنتھیا سے سوال کیا کہ آپ کو پاکستان میں ویزا کا کوئی مسئلہ ہے؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ مجھے پاکستان میں ویزے کا کوئی مسئلہ نہیں،
بعد ازاں عدالت نے جمع کرائی گئی درخواستوں پر سماعت 11 اگست تک ملتوی کردی۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سنتھیا رچی نے کہا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے، میں عورت یا امریکی شہری ہونے کی وجہ سے کسی کی ہمدردی نہیں چاہتی، مجھے عدالت سے غیر جانبدارانہ کارروائی کی امید ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں 31 اگست کے بعد ویزے میں توسیع کراؤں گی۔