اسلام آباد: عالمی بینک کا آئندہ ماہ پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی رقم منظور کرنے کا منصوبہ ہے تا کہ انسانی سرمایے کے لیے ضروری نظامِ صحت اور تعلیم میں شہری رجسٹریشن اور اہم اعداد و شمار کو بہتر بنایا جاسکے۔
ساتھ ہی قومی سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو محفوظ بنایا جاسکے تا کہ وہ مؤثر انداز میں دھچکوں کا سامنا کرسکے۔
سیکیورنگ ہیومن انویسٹمنٹس ٹو فوسٹر ٹرانسفامیشن (شفٹ) نامی منصوبہ شہری رجسٹریشن اور اہم اعداد و شمار کا معیار، پیدائش اور موت کے سرٹیفکیٹس کی شرح بہتر بنائے گا۔
اس کے علاوہ منصوبے سے ملک کو انسانی سرمایے کو اکٹھا کرنے کے لیے بہتر منصوبہ بندی کی صلاحیت حاصل ہوگی۔
یہ منصوبہ ملک میں بہت صحت کے لیے عالمگیر صحت سہولت پالیسی پر عملدرآمد، حفاظتی ٹیکوں کی پائیداری میں اضافہ، تعلیم کے بہتر معیار، معاشی سرگرمیوں میں خواتین کی شرکت اور پہچان میں اضافے، سماجی تحفظ کے پروگرام کی تشکیل، تعلیم اور غذائی سرگرمیوں میں توسیع، کمزوروں اور غریبوں کو کورونا وائرس سے ہونے والے مالی اثرات سے نمٹنے کے لیے رقم کی منتقلی شامل ہے۔
اس منصوبے کے لیے تیار کردہ دستاویز کے مطابق پاکستان میں میکرو اکنامک خطرات بہت زیادہ ہیں کیوں کہ کورونا وائرس کے اثرات موجودہ استحکام کی کوششوں اور درمیانی مدت کی اسٹرکچرل اصلاحات کو کمزور کردیں گے اور وبا کے باعث مزید دھچکے پہنچائیں گے۔