کوک اسٹوڈیو نے معروف گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں اسما الحسنیٰ کی ویڈیو جاری کردی جس نے ماہ مبارک میں نہ صرف لوگوں کے دل جیت لیے بلکہ اسے ابتدائی 2 گھنٹے میں 2 لاکھ بار تک دیکھا بھی گیا۔
کوک اسٹوڈیو نے ماضی میں بھی عاطف اسلم سمیت دیگر گلوکاروں کی آوازوں میں نہ صرف حمد باری تعالیٰ جاری کی ہیں بلکہ منفرد انداز میں پڑھی گئی نعتیں بھی جاری کی ہیں جنہوں نے مداحوں کے دل جیتے۔
گزشتہ سال کوک اسٹوڈیو کے بارہویں سیزن کا آغاز ہی عاطف اسلم کی جانب سے پڑھی گئی مقبول حمد ’’وہی خدا ہے‘‘ سے کیا گیا تھا۔
اسی حمد کو ابتدائی طور پر استاد نصرت فتح علی خان نے پڑھا تھا تاہم 2019 میں عاطف اسلم کی جانب سے کوک اسٹوڈیو کے بارہویں سیزن میں اسی حمد کو پڑھے جانے پر بھی لوگوں نے اسے بے حد سراہا تھا۔
’وہی خدا ہے‘ کو استاد نصرت فتح علی خان اور عاطف اسلم کے علاوہ بھی دیگر افراد نے پڑھا ہے مگر عاطف اسلم کی آواز میں پڑھی گئی اس حمد کی بہت تعریفیں کی گئیں۔
2015 میں کوک اسٹوڈیو کے آٹھویں سیزن میں بھی عاطف اسلم نے تاجدار حرم قوالی کو منفرد انداز میں گاکر مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔
تاجدار حرم کو بھی ابتدائی طور پر معروف قوال غلام فرید صابری نے گایا تھا، اس کے بعد ان کے فرزند امجد علی صابری نے بھی اسے گایا تھا، جبکہ عاطف اسلم کے علاوہ بھی دیگر گلوکاروں نے اس قوالی کو گایا۔
اس کے علاوہ عاطف اسلم کی جانب سے اذان دینے پر بھی ان کی تعریفیں کی گئی تھیں، گلوکار کی آواز میں اذان کی ویڈیو گزشتہ ماہ اپریل 2020 میں سامنے آئی تھی۔
اور اب کوک اسٹوڈیو نے ہی عاطف اسلم کی آواز میں اسما الحسنیٰ کی ویڈیو کو جاری کی ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے مقبول ہوگئی۔