پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ابھرتے اداکار و گلوکار عاشر وجاہت نے اپنی فلم اور ذاتی زندگی سے متعلق پہلی بار انٹرویو دیا۔
اداکار نے حال ہی میں پاکستانی جریدے ’ہیلو پاکستان‘ کو انٹرویو دیا ہے جس میں انہوں نے اپنے والدین، فلم، شوبز انڈسٹری میں اپنے تجربات سے متعلق بات کی ہے۔
اداکار عاشر وجاہت نے اپنی فلم ’جان‘ کی ہیروئن، معروف اداکارہ و ٹک ٹاکر رومیسا سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ رومیسا میری بہت اچھی دوست اور اداکارہ ہے، جب ایک اچھا اداکار آپ کے سامنے کھڑا ہو تو آپ مزید بہتر پرفارم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ عاشر وجاہت معروف پاکستانی ہدایتکار، اداکار، اسکرین رائٹر، پروڈیوسر اور موسیقار وجاہت رؤف اور ٹیلی ویژن اور فلم پروڈیوسر شازیہ وجاہت کے بیٹے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں تجربات کی جہاں تک بات ہے تو میں اس حوالے سے بہت خوش قسمت رہا ہوں کیونکہ میرے والدین نے میری رہنمائی کی اور بہت سے لوگوں نے مجھے سپورٹ کیا، اس لیے مجھے کسی چیلنج کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور میں اس کا بہت شکر گزار ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اُنہیں جن چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا وہ مختلف نوعیت کے تھے جیسے کہ بہت کم عمری میں اداکاری شروع کرنا۔
اداکار عاشر کے مطابق پاکستانی انڈسٹری میں سارے اداکار ہی اچھے ہیں، لہذا اُن کے لیے نمایاں اور منفرد کام کرنا ضروری اور چیلنجنگ رہا۔
یاد رہے کہ اداکار عاشر وجاہت کی عمر 20 سال ہے، اُنہوں نے کم عمری میں ہی شوبز انڈسٹری میں قدم رکھ دیا تھا۔
عاشر وجاہت کی فلم ’جان (Jhon)‘ رواں سال 14 جولائی کو ریلیز ہوئی ہے جس میں اُنہوں نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
عاشر وجاہت متعدد پروجیکٹس میں کام چکے ہیں جن میں ڈرامہ سیریل چاند تارا، پنجرہ، سوتیلی اور فلموں میں چھلاوا، لاہور سے آگے شامل ہے۔