‘عابدہ پروین کے ساتھ پرفارم کرکے میری زندگی بدل گئی’


پاکستان کے نامور گلوکار علی سیٹھی کتنے ٹیلنٹڈ ہیں یہ تو سب ہی جانتے ہیں لیکن اگر ان کی یادگار پرفارمنسز کی بات کی جائے تو ذہن میں سب سے پہلے ان کا عابدہ پروین کے ساتھ پڑھا ہوا کلام ‘آقا’ یاد آتا ہے۔

علی سیٹھی نے 2016 میں کوک اسٹوڈیو کے 9ویں سیزن میں عابدہ پروین کے ساتھ ‘آقا’ پر پرفارم کیا تھا جسے مداحوں نے بےحد پسند کیا۔

ویسے تو علی سیٹھی کافی پرجوش نظر آتے ہیں البتہ اس پرفارمنس کے دوران وہ کافی سنجیدہ رہے جیسے نروس ہورہے ہوں۔

اس حوالے سے گلوکار نے ڈان کو دیے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ صرف نروس ہی نہیں کافی خوفزدہ بھی تھے۔

علی سیٹھی کا کہنا تھا کہ ‘میں کسی ایسے کے ساتھ پرفارم کرنے جارہا تھا جن سے صرف میں متاثر ہی نہیں ہوں بلکہ وہ ایک ایسی فنکارہ ہیں جنہوں نے کبھی کسی کے ساتھ ایک اسٹیج پر پرفارم نہیں کیا، وہ اکیلی ہی کافی ہیں’۔

مزید پڑھیں: علی سیٹھی کا عابدہ پروین کے ساتھ کوک اسٹوڈیو کا تجربہ

گلوکار کا مزید کہنا تھا کہ ‘اس پرفارمنس سے ایک روز قبل میں اپنے بینڈ سے بات کررہا تھا کہ یہاں ہم اتنے سارے موسیقی کے آلات کے ساتھ موجود ہیں اس کے باوجود ہم ان کا آدھا مقابلہ بھی نہیں کرسکتے، ان کے پاس موسیقی کے صرف 4 آلات موجود تھے جن میں ہارمونیم اور طبلہ شامل تھا، کوئی گٹار نہیں، کوئی ڈرم نہیں، صرف ان کی آواز تھی جو چاہے 10 ہزار ناظرین ہوں یا ایک لاکھ سب کو محظوظ کرسکتی ہے’۔

علی سیٹھی نے یہ تصدیق کی کہ وہ پرفارمنس ان کے لیے خاصی مشکل تھی اور کہا کہ ‘مجھے کافی محنت کرنی پڑی تاکہ ان کی آواز کے برابر گا سکوں، کافی مشکل تھا لیکن کسی طرح میں نے پرفارم کرلیا’۔

انہوں نے کہا کہ عابدہ پروین کے ساتھ پرفارم کرنا میرے لیے بہت بڑا موقع تھا اور اس پرفارمنس نے میری زندگی تبدیل کردی۔

کلوکار کے مطابق آج 4 سال گزر جانے کے بعد بھی وہ جب اس پرفارمنس کے بارے میں سوچتے ہیں تو انہیں احساس ہوتا ہے کہ وہ ان کی سب سے الگ پرفارمنس تھی، آج بھی وہ گانا سنتا ہوں تو ویسے ہی پسند آتا ہے کبھی اس کو تبدیل کرنے کا سوچا تک نہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال علی سیٹھی نے 6 گانے ریلیز کیے جن میں سے دو کوک اسٹوڈیو میں گائے ہوئے گانے تھے اور 2020 میں وہ گزشتہ سال سے زیادہ گانے ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں