عائشہ عمر اور شمعون عباسی کی ’ڈھائی چال‘


شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائشہ عمر فلم ’ڈھائی چال‘ میں شمعون عباسی کے ساتھ نظر آئیں گی۔

فلم ڈھائی چال کی کہانی پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی ہے جس میں اداکارہ ایک صحافی کا کردار کرتی دکھائی دیں گی جو بلوچستان کے خطے کی اصل تصویر پیش کرنے کے لیے کوشاں رہتی ہے۔

حال ہی میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم درج کے اداکار شمعون عباسی فلم ڈھائی چال میں ایک بھارتی ایجنٹ کا کردار نبھائیں گے۔

فلم کی کہانی کے حوالے اداکار شمعون عباسی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ یہ کہانی بلوچستان کے حوالے سے ہے کہ کس طرح بلوچستان کے عوام نے خطے میں امن بحال کرنے کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ساتھ ہی بہت مشکل وقت بھی دیکھا ہے، فلم کی کہانی صحافت کے طلبہ پر مبنی ہے۔

فلم کے ہدایت کار تیمور شیرازی ہیں اور اس کا اسکرپٹ فائزہ چوہدری نے لکھا ہے جب کہ دیگر کاسٹ میں عدنان شاہ ٹیپو، رشید ناز، سلیم معراج، ہمایوں اشرف، پاکیزہ خان اور بلوچستان کے متعدد تھیٹر آرٹسٹ بھی شامل ہوں گے۔

فلم ڈھائی چال اگلے سال فروری میں ریلیز کی جانے کہ توقع کی جارہی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں