یہ تو سب ہی جانتے ہیں کہ عائزہ خان پاکستان کی بہترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں اور ان کی شاندار پرفارمنسز کی وجہ سے ان کی شہرت میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
عائزہ خان کو صرف مداح ہی پسند نہیں کرتے بلکہ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی انہیں بےحد پسند کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ عائزہ خان اس وقت 2 مقبول ڈراموں میں کام کررہی ہیں جن میں ایک ‘میرے پاس تم ہو’ ہے جبکہ دوسرا ‘تھوڑا سا حق’ ہے اور یہ دونوں ڈرامے ہی کامیاب ثابت ہورہے ہیں۔
تھوڑا سا حق ڈرامے میں عائزہ خان کے ساتھ عمران عباس نے مرکزی کردار نبھایا ہے اور اب ان دونوں نے اس ڈرامے کی شوٹنگ بھی ختم کرلی، جس کے بعد عمران عباس نے انسٹاگرام پر عائزہ کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی اور ان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے، ساتھ ہی ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
عمران عباس نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ آپ میری سب سے پسندیدہ ساتھی اداکارہ ہیں پھر چاہے وہ ‘تم کون پیا’ ہو، ‘محبت تم سے نفرت ہے’، ‘کوئی چاند رکھ’ یا پھر ‘تھوڑا سا حق’ ڈراما ہو، (ہم نے) بہت سے ہنسی مذاق کے ساتھ اور ایک پروجیکٹ کو مکمل کرلیا لیکن میں آپ کے لیے یہی کہوں گا کہ یقیناً آپ ایک بہترین اداکارہ ہیں جسے بہترین ٹیلنٹ کے ساتھ نوازا گیا ہے، اللہ آپ کو مزید کامیابی دے۔
اس پوسٹ پر عائزہ خان نے بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ لیکن ‘مجھ سے امید نہ رکھنا کہ میں تمہیں سراہوں گی’۔
ایک اور کمنٹ میں اداکارہ نے عمران عباس کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ‘حقیقتاً بات کروں تو آپ ہمیشہ سے میرے پسندیدہ ساتھی اداکار ہو اور میرا بہترین دوست بننے کے لیے آپ کو مبارک ہو’۔
خیال رہے کہ ان دونوں شوبز شخصیات کے ڈرامے ‘تھوڑا سا حق’ کی اب تک 12 اقساط سامنے آچکی ہیں۔
اس ڈرامے میں عائزہ خان اور عمران عباس کے ساتھ ساتھ مشال خان، صبا فیصل، فردوس جمال، ندا ممتاز اور شان بیگ نے بھی اہم کردار نبھائے ہیں۔