طوفان کموری کی فلپائن میں تباہی، 2 لاکھ افراد بے گھر


فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں خطرناک ترین سمندری طوفان ’کموری‘ نے تباہی مچا دی جب کہ شدید بارش اور طوفانی ہواؤں کی وجہ سے ملک کا سب سے بڑا ائیر پورٹ بھی بند کر دیا گیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق سمندری طوفان کمور فلپائن کے جنوب مشرق میں واقع سب سے زیادہ آبادی والے جزیرے لوزون سے ٹکرایا۔

215 کلو میٹر فی گھنٹہ کی تیز رفتار سے ٹکرانے والے اس طوفان کی شدت بحر اقیانوس میں اٹھنے والے کیٹیگری میں فور کے سمندری طوفان کے برابر تھی۔

رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان اور تیز بارشوں کے باعث مقامی افراد کی نظام زندگی درہم برہم ہوگئی  جب کہ 2 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے جنہیں حفاظتی کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا۔

طوفان کی وجہ سے سمندر ی لہریں بلند ہونے کے سبب متاثرہ علاقوں میں تعلیمی مراکز ، مارکٹس اور دفاتر بند کردیے گئے جب کہ حکام نے ملک کا سب سے بڑا انٹرنیشنل ائیرپورٹ بھی 12 گھنٹوں کے لیے بند کر دیا جس کے باعث 100 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

رپورٹس کے مطابق طوفان کموری فلپائن سے ٹکرانے والا اس سال کا 20 واں طوفان ہے جب کہ زمین سے ٹکرانے کے بعد اکثر طوفانوں کی شدت کم ہو جاتی ہے تاہم اس طوفان کی شدت اب بھی برقرار ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کموری طوفان کی شدت کم ہونے میں ابھی کچھ وقت لگے گا۔

دوسری جانب منیلا میں ہونے والی  جنوبی مشرقی ایشین گیمز 2019 کا شیڈول بھی سمندری طوفان کے باعث دوبارہ ترتیب دیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں