صدر مملکت آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر کی صورت حال پر آج ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ صدر مملکت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو معاملے کے حل کے لیے تجاویز لانے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ 10 مئی سے آزاد کشمیر میں سستی بجلی اور سستے آٹے کی فراہمی کے لیے احتجاج اور ہڑتال جاری ہے۔
ہڑتال اور احتجاج کے آج تیسرے روز آزاد کشمیر بھر میں تمام کاروباری مراکز، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔
احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین اور پولیس آمنے سامنے آگئے تھے جس کے دوران پتھراؤ کے جواب میں پولیس نے آنسوگیس کی شیلنگ کی تھی۔
مظاہرین نے مہنگی بجلی نہ منظور، مہنگا آٹا نہ منظور کے نعرے لگائے، ضلعی انتظامیہ نے میر پور میں دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے۔
مظاہرین کے ساتھ تصادم کےدوران گولی لگنے سے زخمی اے ایس آئی جاں بحق ہوگئے تھے۔
عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے مہنگائی اور ٹیکسز کے خلاف میرپور سے مظفرآباد تک لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔
’کسی شر پسند کو انتشار پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے‘
آزاد کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت دی ہے، ہم عوام کو ریلیف دینے کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی شر پسند کو انتشار پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، بجلی اور آٹے کی قیمتوں میں عوام کو مکمل ریلیف دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مظفر آباد میں 2 دن کے احتجاج میں پولیس سب انسپکٹر شہید ہوا، احتجاج کے دوران پتھراؤ سے 50 پولیس جوان زخمی بھی ہوئے۔
موبائل فون سروس معطل
بھمبر اور باغ ٹاؤنز سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں آج موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔
میرپور میں تمام موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔