صدارتی خطاب کیلئے پارلیمان کا مشترکہ اجلاس شروع

صدارتی خطاب کیلئے پارلیمان کا مشترکہ اجلاس شروع


قومی اسمبلی کے چوتھے پارلیمانی سال کا آغاز کے موقع پر پارلیمان کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس شروع ہوگیا جس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کررہے ہیں۔

آئین کے آرٹیکل 56 (3) کے تحت پارلیمانی سال کے آغاز کے لیے صدارتی خطاب لازمی ہے۔

صدر مملکت کے خطاب کے دوران ایوان میں شور شرابا دیکھنے میں آیا اور اپوزیشن اراکین احتجاج کرتے ہوئے حکومت مخالف نعرے لگاتے رہے۔

آئینی طور پر لازم صدارتی خطاب کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان اور قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کے درمیان ملاقات میں کیا گیا تھا۔

دوسری جانب پارلیمان کے باہر صحافتی تنظیموں کی جانب سے صحافیوں پر مسلسل جسمانی حملوں، میڈیا اداروں سے جبری برطرفیوں، میڈیا ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور حکومت کی جانب سے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے لیے پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) کے قیام کی تجویز کے خلاف احتجاج کررہی ہیں۔

قبل ازیں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں