صحافی ابصار عالم نے ایف آئی اے کی طلبی عدالت میں چیلنج کردی

صحافی ابصار عالم نے ایف آئی اے کی طلبی عدالت میں چیلنج کردی


سینئر صحافی اور پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگیولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے سابق چیئرمین ابصارعالم ٹوئٹس اورسوشل میڈیا پوسٹس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے جاری کیے گئے سمن کواسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

سینئر صحافی ابصار عالم نے حالیہ دنوں میں اپنی ٹوئٹس میں اسٹبلشمنٹ کو سیاست میں مداخلت پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ایف آئی نے ایک وکیل کی جانب سے ابصارعالم کے خلاف ریاست مخالف بیانات کا الزام عائد کرتے ہوئے شکایت درج کرنے کے بعد سمن بھیج دیا تھا۔

دوسری جانب ابصارعالم نےایف آئی اے کی طلبی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

درخواست میں انہوں نے مؤقف اپنایا کہ ایف آئی اے نے انہیں شکایت کی کوئی تفصیل فراہم کیے بغیر سمن جاری کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبی کا نوٹس بھی تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کی تاریخ کے بعد جاری کیا گیا۔

ابصارعالم نے کہا کہ سمن بدنیتی پر مبنی ہے اور عدالت سے درخواست کی کہ شکایت کو مسترد کرے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس پنجاب پولیس نے ابصار عالم کے خلاف ’سنگین غداری‘ کا مقدمہ درج کیا تھا اور یہ مقدمہ انصاف لائرز فورم کے علاقائی صدر وکیل چوہدری نوید احمد کی درخواست پر درج کیا گیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں