حال ہی میں یوٹیوب چینل کا آغاز کرنے والی اداکار صبا قمر نے پہلی ویڈیو کے بعد انفرادیت کو برقرار رکھتے ہوئے نئی ویڈیو جاری کی ہے جس کے ہر جگہ چرچے کیے جا رہے ہیں۔
اداکارہ صبا قمر کی پہلی ویڈیو میں ان کے اس انداز کو چاہنے والوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا اور اب انہوں نے مداحوں کو مایوس نہ کرتے ہوئےایک اور منفرد ویڈیو جاری کی ہے۔
صبا قمر نے اپنے یوٹیوب چینل پر دوسری ویڈیو جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ‘چ شو میں مجھے حقیقی طور پرجاننے کا موقع ضائع نہ کیجیے’۔
اپنی نئی ویڈیو میں اداکارہ نے انٹرویو میں میزبان کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالوں کے پرمزاح اور بھرپور اندز میں جوابات دیے۔
صبا قمر کی اس ویڈیو کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ وہ شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد کے تحفظات بھی بیان کرنا چاہتی تھیں۔
انہوں نے نئی ویڈیو میں اپنی نجی زندگی کے حوالے سے بتایا کہ وہ کسی کے ساتھ 8 سال تک تعلقات میں رہیں اور اس تعلق کا انجام بہت برا ہوا۔
اداکارہ کے اس منفرد انداز ، حقیقت اور حسِ مزاح سے بھرپور اس ویڈیو کو ان کے چاہنے والوں کے ساتھ ساتھ پاکستان انٹرٹیمنٹ انڈسٹری کے اسٹارز کی جانب سے بھی پسند کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل صبا قمر نے اپنے یوٹیوب چینل پر پہلی ویڈیو اپ لوڈ کی تھی جس کا عنوان ‘آئسولیشن بائے صبا قمر’ تھا جو کہ اداکارہ نے خود ہی لکھا تھا۔
صبا قمر نے اس ویڈیو میں لاک ڈاؤن سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار بے حد خوبصورتی سے کیا تھا جو کہ سب کو پسند آیا تھا۔