صارفین کیلیے خوشخبری : ایپل کے نئے ۤآپریٹنگ سسٹم کی دستیابی کا اعلان

صارفین کیلیے خوشخبری : ایپل کے نئے ۤآپریٹنگ سسٹم کی دستیابی کا اعلان


ایپل کی جانب سے آئی فونز کے لیے متعارف کرایا جانے والا نیا آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 17 کل سے صارفین کیلئے دستیاب ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے بہتر فیس ٹائم، رابطہ شیئرنگ، نئی جرنل ایپ اور بہتر آٹو کریکٹ کے ساتھ آئی او ایس17 کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آئی فون ایکس ایس اور نئے ماڈلز کے ساتھ ہم آہنگ ایپل نے اعلان کیا ہے کہ آئی او ایس 17 ستمبر کی 18 تاریخ بروز پیر صارفین کو دستیاب ہوگا۔

یاد رہے کہ ہر سال ایپل کی جانب سے آئی فون کے آپریٹنگ سسٹم (آئی او ایس) کو اپ گریڈ کیا جاتا ہے جس میں متعدد نئے فیچرز کا اضافہ بھی کیا جاتا ہے۔

اس نئے آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والے آئی فونز فیس ٹائم کال کے دوران ویڈیو وائس میل بھیج سکیں گے۔ اسی طرح ایک نیا فیچر نیم ڈراپ متعارف کرایا جا رہا ہے جس کی مدد سے صارفین قریب موجود 2 آئی فونز کے ساتھ کانٹیکٹ کی تفصیلات شیئر کرسکیں گے۔ آئی او ایس 17 میں ڈیجیٹل اسسٹنٹ سیری کے استعمال کا طریقہ کار بھی آسان بنایا جا رہا ہے۔

ایپل کا نیا آپریٹنگ سسٹم صرف آئی فون ایکس ایس یا اس کے بعد کے ماڈلز کے لیے دستیاب ہوگا اور2017 یا اس سے پہلے کے فونز میں اسے اپ ڈیٹ نہیں کیا جاسکے گا۔

یعنی اگر آپ آئی فون 8 اور آئی فون ایکس (یا 10) استعمال کررہے ہیں تو اب آپ کے لیے ایپل کی سافٹ وئیر اپ ڈیٹس دستیاب نہیں ہوں گی۔ یہ غیرمتوقع فیصلہ نہیں کیونکہ ایپل کی جانب سے پرانی ڈیوائسز کے لیے سافٹ وئیر سپورٹ کو ہر سال ختم کیا جاتا ہے۔

آئی فون ایکس ایس، ایکس ایس میکس، ایکس آر، آئی فون 11، 11 پرو، 11 پرو میکس، آئی فون 12، 13 اور 14 سیریز کے فونز میں اس نئے آپریٹنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنا ممکن ہوگا۔

آئی فون 15 سیریز کے فونز جب صارفین کو دستیاب ہوں گے، تو ان میں بائی ڈیفالٹ نیا آئی او ایس سسٹم موجود ہوگا۔

مگر یہ واضح رہے کہ نئے آئی او ایس سسٹم تک رسائی ختم ہونے کے بعد بھی آپ کا پرانا آئی فون آئی او ایس 16 یا اس سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرتا رہے گا، بس وہ نئے فیچرز سے محروم رہے گا۔

اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں متعدد نئے فیچرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے مگر اسٹینڈ بائی موڈ نامی فیچر سب سے زیادہ خاص ہے۔ یہ فیچر آئی فون کی لاک اسکرین کو اسمارٹ ہوم ڈیوائس کی طرح کے ڈسپلے میں تبدیل کر دے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں