پاکستان میوزِک انڈسٹری کے معروف گلوکار شیراز اُپل نے مدینہ منورہ میں اپنے ساتھ پیش آنے والا ایک دلچسپ واقعہ سنا دیا۔
شیراز اُپل نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے زندگی میں 2 بار ریاض الجنۃ کی زیارت کرنے کا موقع ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں 2017ء اور 2019ء میں 2 مرتبہ عمرے کے لیے گیا تھا اور دونوں بار ہی ایسا ہوا کہ میری طبیعت کچھ ٹھیک نہیں تھی، ایک بار تو میرے پاؤں میں چوٹ بھی لگی ہوئی تھی اور میرے لیے ریاض الجنۃ پہنچنا مشکل تھا کیونکہ وہاں بہت سارے لوگ زیارت کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔
گلوکار نے بتایا کہ میں دعا مانگ رہا تھا کہ اے اللّٰہ مجھے ریاض الجنۃ تک پہنچنے میں میری مدد فرما تو میرے یہ دعا مانگتے ہوئے ہی وہاں کے ایک خادم میرے پاس آئے، اُنہوں نے مجھے پہچان لیا اور کہا کہ آپ وہی ہیں نے جنہوں نے ’تو کجا من کجا‘ کلام پڑھا تھا؟
اُنہوں نے کہا کہ میں نے خادم کو جواب دیا کہ جی میں وہی ہوں تو وہ مجھے ریاض الجنۃ میں لے گئے۔
شیراز اُپل نے کہا کہ مدینہ منورہ میں میرے ساتھ ایسا دونوں مرتبہ ہوا تو اس لیے مجھے کبھی کبھی لگتا ہے کہ میرا یہ ’تو کجا من کجا‘ کلام پڑھنا اللّٰہ تعالیٰ نے قبول کر لیا ہے۔