پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف موسیقار و گلوکار شیراز اُپل نے بتایا کہ وہ گلوکاروں کی پرفارمنس بہتر بنانے میں کس طرح سے مدد کرتے ہیں۔
شیراز اُپل نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے بطور موسیقار اپنے کام کرنے کے طریقے کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں گلوکاری کو بہتر بنانے میں بہت مدد کرتا ہوں کیونکہ ایک موسیقار جب کسی گلوکار کو گاتے ہوئے سنتا ہے تو اسے گلوکار کی صلاحیت کا اندازہ ہو جاتا ہے کہ یہ اور کس قسم کے گانے گا سکتا ہے یا پھر کس طرح سے اپنی گلوکاری کو مزید بہتر بنا سکتا ہے۔
شیراز اُپل نے بتایا کہ جب میں نے آئمہ بیگ کو ’قلاباز دل‘ گانےکو کہا تو ان کا جو لہجہ ہے وہ اس گانے کے لیے مناسب نہیں تھا کیونکہ وہ زیادہ تر مغربی طرز کے گانے گاتی ہیں تو میں نے اُنہیں سمجھایا کہ وہ کس طرح سے اس گانے کے لیے اپنے لہجے کو بہتر بنا سکتی ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ آئمہ بیگ نے میری بات کو بہت اچھے طریقے سے سمجھا اور اس گانے کو بہت اچھے انداز میں گایا۔
شیراز اُپل نے مزید بتایا کہ جب عاطف اسلم آئے تو ان کی آواز بہت اچھی اور جاندار تھی لیکن ان کے لفظوں کی ادائیگی میں احساس کی تھوڑی سے کمی تھی تو میں نے اُنہیں یہ سمجھایا کہ محبت بھرے یا دکھ بھرے الفاظ کو کیسے اس انداز میں گانا ہے کہ سننے والا اس احساس کو محسوس کر سکے۔
اُنہوں نے پوڈ کاسٹ کے دوران یہ انکشاف بھی کیا کہ میں آئمہ بیگ اور عاطف اسلم سے تھوڑا دور رہتا ہوں، تاہم انہوں نے ایسا کرنے کی وجہ نہیں بتائی۔