شہزادہ ہیری اور میگھن کی شاہی حیثیت کے خاتمے کا باقاعدہ اعلان


برطانیہ کی شاہی خاندان نے اعلان کیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کی شاہی حیثیت ختم کردی گئی ہے جس کے بعد انہیں اپنی رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کے اخراجات بھی ادا کرنے ہوں گے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق بکنگھم پیلیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کو آزاد مستقبل کے فیصلے پر جنوبی لندن میں واقع رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کے لیے کیے گئے اخراجات ادا کرنے ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیری اور ان کی اہلیہ کا شاہی درجہ ختم کردیا گیا اور وہ اپنے لیے ‘ہِز رائل ہائنس’ اور ‘ہَر رائل ہائنس’ کا خطاب بھی استعمال نہیں کر پائیں گے۔

مزید پڑھیں:ملکہ برطانیہ نے شہزادہ ہیری کی شاہی حیثیت سے دستبرداری کی حمایت کردی

ملکہ برطانیہ ایلزبیتھ نے بیان میں کہا کہ ‘ہیری، میگھن اور ان کا بیٹا آرچی ہمیشہ خاندان کا اہم حصہ رہیں گے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘مجھے احساس ہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران سخت جانچ پڑتال کے باعث چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا اور آزاد زندگی گزارنے کی ان کی خواہش کی حمایت کرتی ہوں’۔

ان کا کہنا تھا کہ جس تیزی سے میگھن ہمارے خاندان کا حصہ بنیں اس پر خاص طور پر مجھے فخر ہے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن نے مئی 2018 میں شادی کی تھی، ان کی شادی کی تقریب ونڈ کیسل میں منعقد ہوئی تھی۔

ہیری بدستور شہزادہ رہیں گے اور دونوں میاں بیوی ‘ڈیوک’ اینڈ ‘ڈچس آف سسکس’ کا خطاب بھی رکھیں گے۔

شاہی خاندان سے جاری بیان کے مطابق شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کو فنڈز نہیں ملیں گے اور جنوبی لندن میں ان کی رہائش گاہ کی تزئین و آرائش پر خرچ کی گئی رقم بھی ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:برطانوی شاہی جوڑے کا شاہی حیثیت چھوڑنے کا اعلان

بکنگھم پیلیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ‘دونوں میاں بیوی باقاعدہ طور ملکہ کی نمائندگی نہیں کرسکتے ہیں لیکن وہ جو کچھ بھی کریں گے اس میں شاہی اقدار کو ملحوظ خاطر رکھیں گے’۔

شاہی خاندان کی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونے کے بعد شہزادہ ہیری، عسکری سرپرستی اور دولت مشترکہ کے یوتھ ایمبیسڈر کا اعزاز بھی واپس کردیں گے۔

شاہی خاندان سے جاری بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ آیا وہ ‘سسیکس رائل’ کا خطاب اپنی ویب سائٹ اور شناخت کے لیے استعمال کرسکتے ہیں یا نہیں۔

رپورٹ کے مطابق شاہی خاندان کے ذرائع کا کہنا تھا کہ شہزادہ ہیری کو سرکاری سطح پر مالی معاونت نہیں دی جائے گے لیکن ان کے والد اور خاندان کے وارث شہزادہ چارلس انہیں نجی سطح پر تعاون جاری رکھیں گے۔

یاد رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے 9 جنوری 2020 کو شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’وہ مالی طور پر خود مختار ہونے کے لیے عملی اقدامات کریں گے تاہم وہ ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کی عزت و احترام کرتے رہیں گے‘۔

مزید پڑھیں:شاہی حیثیت سے دستبرداری: میگھن مارکل اداکاری کرتی دکھائی دیں گی؟

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی جانب سے شاہی حیثیت کے دستبرداری کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں تہلکہ مچ گیا تھا اور ابتدائی طور پر برطانوی شاہی خاندان نے جوڑے کے فیصلے پر کوئی بیان نہیں دیا تھا۔

تاہم بعد ازاں ملکہ برطانیہ نے 12 جنوری کو شاہی خاندان کے اہم ارکان کو 13 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں شریک ہونے کا دعوت نامہ بھجوایا اور ونڈسر محل میں شاہی خاندان کا اہم اجلاس ہوا تھا۔

ملکہ برطانیہ نے اس اجلاس کے بعد شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ سابق اداکارہ میگھن مارکل کی جانب سے شاہی حیثیت سے دستبرداری کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جوڑے کی آزاد زندگی گزارنے کے فیصلے کی قدر کرتی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر شاہی جوڑا کینیڈا منتقل ہوگا اور وہ منتقلی کے باوجود شاہی خاندان کا حصہ رہے گا لیکن ان کا زیادہ وقت کینیڈا میں گزرے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں