وزیراعظم شہباز شریف نے نریندر مودی کو تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں نریندرمودی کو وزیراعظم کے عہدے کاحلف اٹھانے پر مبارکباد دی ہے۔
شہبازشریف نے لکھا کہ ’نریندرمودی کو وزیراعظم کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔
گزشتہ روز 2024 میں ہونے والے عام انتخابات میں غیرمتوقع نتائج اور توقعات سے کمتر نشستیں حاصل کرنے کے باوجود نریندر مودی نے لگاتار تیسری مرتبہ وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیاتھا۔
تقریب میں پڑوسی ممالک بنگلہ دیش، سری لنکا اور مالدیپ کے مندوبین نے شرکت کی لیکن بھارت کے ساتھ مسابقت کی وجہ سے پاکستان اور چین کے مندوبین تقریب میں شریک نہ تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے بھائی، سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 2014 میں نریندر مودی کے پہلی مرتبہ وزیر اعظم بننے کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی، تاہم اس وقت دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں۔