شہباز شریف اور حمزہ کی 5 روز کیلئے پیرول پر رہائی کی منظوری


صوبہ پنجاب کی کابینہ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے بیٹے و پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی 5 روز کیلئے پیرول پر رہائی کی منظوری دے دی۔

گزشتہ دنوں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کا لندن میں انتقال ہوگیا تھا۔

شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز جیل میں قید ہیں جن کی پیرول پر رہائی کیلئے ن لیگ کی جانب سے درخواست جمع کرائی گئی تھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شہباز اور حمزہ کی پیرول پر رہائی کی درخواست پنجاب کابینہ کو منظوری کیلئے بھیجی تھی جس کی منظوری دے دی گئی ہے۔

ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دونوں کو 5 روز کیلئے پیرول پر رہا کیا جائے گا جبکہ ان کی رہائی بیگم شمیم اختر کی میت پہنچنے سے ایک دن پہلے ہوگی۔

قبل ازیں صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کی وفات پر نواز شریف کو 5 دن کیلئے پیرول پر رہائی ملی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر صرف 12 گھنٹے کیلئے پیرول پر رہا کرسکتا ہے، 12 گھنٹے سے زائد وقت کیلئے پیرول پر رہائی کا فیصلہ حکومت کرے گی۔

خیال رہے کہ بیگم شمیم اختر کی میت جمعرات کو پاکستان روانہ کیے جانے کا امکان ہے، ان کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی میں اداکی جائے گی جب کہ مرحومہ کی تدفین جاتی عمرہ میں میاں شریف کی قبر کے قریب مختص جگہ پر کی جائے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں