شہباز شریف اب لندن سے بھی منی لانڈرنگ کی مہر لگوائیں گے، شہزاد اکبر


معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ ڈیلی میل کے خلاف شہباز کی جانب سے دائر ہتک عزت کا مقدمہ ابھی شروع ہوا ہے تو یہ جیت کیسے گئے اور اب یہ منی لانڈرنگ کی لندن سے مہر لگوا کر آئیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف نے ڈیلی میل پر ہتک عزت کا مقدمہ کیا ہوا تھا جس کی لندن میں سماعت تھی۔

انہوں نے مقدمے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ڈیلی میل، ڈیوڈ روز، شہزاد اکبر اور عمران خان پر مقدمہ کریں گے، 75فیصد وعدہ ٹھس ہو گیا اور انہوں نے صرف ڈیلی میل اور ڈیوڈ روز پر مقدمہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈیلی میل کو نوٹس بھیجا کہ آپ معافی مانگیں ورنہ ہم آپ کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجیں گے لیکن انہوں نے کہا کہ ہم اپنی خبر پر قائم ہیں، ہم معافی نہیں مانتے، کافی عرصہ گزرنے کے بعد انہوں نے عدالت میں مقدمہ دائر کردیا اور سب سے پہلے اس کی آن لائن سماعت کی گئی۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ اس سماعت میں ڈیلی میل کے وکلا نے کہا کہ پہلے یہ واضح کردیا جائے کہ ہمیں کس چیز کا جواب دینا ہے اور کس چیز کا جواب نہیں دینا، اس سماعت میں اس بات کا فیصلہ ہونا تھا کہ جب کوئی عام قاری اس بات کو پڑھتا ہے تو اسے کیا سمجھ میں آتا ہے، وہ کیا تاثر لیتا ہے اور عام آدمی نے کیا تاثر لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جج نے کہا کہ عام آدمی نے آرٹیکل پڑھ کر یہ تاثر لیا کہ شہباز شریف اور ان کا خاندان کرپٹ سرگرمیوں اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہے اور دوسرا تاثر یہ دیا کہ شہباز شریف کے داماد علی عمران نے زلزلے زدگان کی امداد کے لیے آنے والے پیسوں میں مالی خوردبرد کی۔

انہوں نے کہا کہ جج نے کہا کہ یہ آرٹیکل پڑھ کر یہ تاثر جاتا ہے کہ شہباز شریف اور ان کا خاندان منی لانڈرنگ میں ملوث ہے اور ان کے داماد نے رقم میں خوردبرد کی تو اگر ڈیلی میل اس خبر میں موجود مواد کو ثابت نہیں کر پاتا تو یہ ہتک عزت ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی ٹرائل شروع ہونا ہے کہ لیکن یہ تاثر دیا گیا کہ جیسے شہباز شریف ڈیلی میل کے خلاف ہتک عزت کا کیس جیت گئے تو شہباز شریف اور ان کے چاہنے والوں کے لیے عرض ہے کہ یہ درست رپورٹنگ نہیں تھی، شہباز شریف کا کیس شروع ہوا ہے تو یہ جیت کیسے گئے۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ مریم نواز اور شہباز شریف کے خاندان کو ڈیلی میل پر اتنا غصہ کیوں ہے، بڑی واضح سی بات ہے کہ چاچو نے 7ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی ہے، اب یہ جاکر لندن سے اس پر مہر لگوا کر آ جائیں گے، ان پر احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ کی فرد جرم عائد ہو چکی ہے اور ان کی ضمانت لاہور ہائی کورٹ سے مسترد ہو چکی ہے، ان کے صاحبزادی اسی کیس میں سپریم کورٹ سے منہ کی کھا کے واپس آ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سادہ سے حقائق ہیں، شہباز شریف اور ان کے خاندان نے 7ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی، اس میں منظور پاپڑ والے جیسے لوگوں کے نام تھے جو کبھی لاہور سے آگے نہیں گئے ہوں گے وہ بظاہر دکھائے کہ انہیں لندن سے لاکھوں ڈالرز بھیج رہے ہیں، وہ دستاویزی ثبوتوں سے ثابت ہو چکا کہ وہ سب جعل سازی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ تین ملزمان اس مقدمے میں پلی بارگین کر کے ان کے خلاف سلطانی گواہ بن گئے ہیں اور ان کے داماد علی عمران نے بھی زلزلہ زدگان کے لیے برطانیہ سے بھیجے گئے فنڈ میں خوردبرد کی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ میں ایک مرتبہ پھر شہباز شریف کو پھر چیلنج کرتا ہوں کہ اگر آپ میں ہمت ہے تو لندن میں مجھ پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں، میں آپ کی خدمت میں حاضر ہو جاؤں گا۔

انہوں نے بتایا کہ سیاسی سرپرستی کے حامل مافیا کے خلاف آپریشن کیا جس میں 210 ارب روپے کی سرکاری زمین بازیاب کرائی گئی اور اس سلسلے میں گرفتار 36 لوگوں سے 24 ارب روپے بازیاب کرائے گئے۔


اپنا تبصرہ لکھیں