اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے شہباز شریف کی لندن سے وطن واپسی پر اپنے ردعمل میں کہا کہ عدالت نے دو ہفتوں کا ریلیف دیا جو انہوں نے دو ماہ میں تبدیل کردیا۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز شریف کا بیٹا اور داماد ان کے ساتھ نہیں آئے، ان کے بچوں نے انہیں سامنے کردیا ہے اور ڈھال بنا لیا ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک کے مسائل شریف خاندان کے پیدا کردہ ہیں، ملک کو قرضوں کے دلدل میں پھنسا کر یہ لوگ ملک سے باہر چلے گئے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لندن کی سڑکوں پر شہباز شریف کو پوری قوم نے بھاگتے دوڑتے دیکھا، جس بیماری کا وہ ذکر کررہے ہیں اس میں ایسا نہیں ہوتا، یہ بیماری کے نام پر قوم کی دل آزاری کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب نے شہباز شریف کو طلب کر رکھا ہے، وہ قانون کی حکمرانی کو مانتے ہوئے عدالتوں میں پیش ہوں اور جواب دیں، پہلے وہ عدالتوں میں پیشی کے لیے حکمت عملی تیار کریں جس کے بعد حکومت کے خلاف حکمت عملی بنائیں۔
فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف قوم کو یقین دلائیں کہ وہ اب واپس نہیں جائیں گے، سلمان شہباز کو بھی وطن واپس لایا جائے۔