حال ہی میں پاکستانی شوبز ستاروں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے’میں کشمیر ہوں’ گانا جاری کیا جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اٹھائی گئی ہے۔
‘میں کشمیر ہوں’ ابھرتے گلوکار ریحان ناظم اور نمرہ رفیق کی خوبصورت آواز میں پیش کیا گیا ہے جس میں نامور شوبز شخصیات وادی میں ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
گانے کی ویڈیو 3 منٹ 55 سیکنڈ پر مشتمل ہے، اس کے لیریکس ریحان ناظم اور احسن گوہر نے تحریر کیے ہیں۔
‘میں کشمیر ہوں’ گیت کے درمیانی حصے میں نامور اداکار شکیل یوسف اور قوی خان سمیت دیگر ستاروں نے شاعری کے ذریعے کشمیریوں کی موجودہ صورتحال کو بیان کیا اور ان سے اظہار یکجہتی کی۔
کشمیریوں کے لیے حق خودارادیت کا مطالبہ کرتے ہوئے گانے میں اداکار فیصل قریشی، حنا دلپزیر، پروین اکبر، اسماء عباس اور دیگر نئے ستارے بھی دکھائی دیے۔
واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی جس کو پاکستان نے مسترد کیا اور عالمی فورمز پر کشمیریوں کے لیے آواز بلند کی۔
گزشتہ ماہ سے وادی میں لاک ڈاؤن کے باعث عوام گھروں میں محصور اور حریت قیادت قید ہے، جگہ جگہ بھارتی فورسز کے ناکوں کے باعث مریضوں کو ادویات اور اسپتال جانے کی بھی اجازت نہیں ہے۔
اس کے علاوہ بھارتی فورسز اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنوں اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال بھی کررہی ہیں