شمعون عباسی کی فلم ’دُرج‘ پر عائد پابندی ہٹانے کی درخواست


اداکار و پروڈیوسر شمعون عباسی نے سینسر بورڈ سے فلم ’دُرج‘ پر پابندی ختم کرنے کی درخواست کردی۔

فلم ’دُرج‘ پر حال ہی میں تمام سینسر بورڈ کی جانب سے پابندی عائد کی گئی تھی جس کی وجہ اب تک سامنے نہیں آسکی ۔

ہدایت کار شمعون عباسی نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ فلم ’دُرج‘ بد قسمتی سے اس وقت پاکستان میں ریلیز نہیں کی جاسکے گی کیونکہ سینسر بورڈ کو فلم کے حوالے سے اعتراضات ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے فلم کو پاکستان میں ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دی۔

فوٹو: شمعون عباسی فیس بُک

سوشل میڈیا پر شمعون عباسی نے سینسر بورڈ سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ حکام ایک مرتبہ پھر فلم کا جائزہ لیں اور اس فیصلے پر نظر ثانی کریں، ہم اس پر کام کررہے ہیں اور اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں اور اگر انہیں فلم میں کوئی نامناسب چیز نظرآتی ہے تو ہم ان کےکہنے کے مطابق اسے ہٹا سکتے ہیں، ہمیں اُمید ہے کہ وہ اس عمل کے ذریعے ہماری مدد کریں گے۔

دوسری جانب شمعون عباسی نے عالمی سطح پر فلم کی ریلیز کے حوالے سے بتایا کہ فلم ’دُرج‘ ناروے اور ڈنمارک میں ’گرین چِیلیز‘ کے بینر تلے 11 اکتوبر کو  سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

یاد رہے کہ فلم ’دُرج‘ کی ہدایات کاری بھی شمعون عباسی نے کی ہے اور اس کی کہانی بھی انہوں نے ہی لکھی ہے، فلم میں مرکزی کردار بھی شمعون عباسی نے ہی کیا ہے اور ان کے ساتھ دیگر کاسٹ میں مائرہ خان، شیری شاہ، نعمان جاوید اور دیگر اداکار شامل ہیں۔

آدم خور انسانوں کی کہانی پر مبنی فلم کو شمعون عباسی اور پروڈکشن ٹیم نے حقیقی رنگ دینے کے لیے کئی ماہ ریسرچ کی اور انہوں نے کافی وقت دنیا سے الگ تھلگ غاروں میں رہنے والے انسانوں کے ساتھ گزارا تاکہ اِن کے طرز زندگی کو صحیح روپ میں دکھا سکیں۔

فلم کے ٹریلرز کو اب تک یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں جب کہ مداحوں کو فلم کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار ہے۔

واضح رہے کہ شمعون عباسی کی تجسس سے  پھرپور فلم ’دُرج‘ کو رواں سال 11 اکتوبر کو دنیا بھر میں جب کہ 18 اکتوبر کو پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کیا جانا تھا اور فلم کو عالمی کانز فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا جانا تھا


اپنا تبصرہ لکھیں