شعیب محمد کو سینئر پیسرزکی کمی کھٹکنے لگی

شعیب محمد کو سینئر پیسرزکی کمی کھٹکنے لگی


 کراچی: 

 شعیب محمد کو ورلڈکپ اسکواڈ میں سینئرپیسرز کی کمی کھٹکنے لگی،سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ محمد عامر اور وہاب ریاض کو پیس بیٹری کا حصہ ہونا چاہیے تھا،کسی کو صرف بڑے چھکے لگانے کی صلاحیت کی بنیاد پر منتخب کرنا درست نہیں،بیٹسمین کا ٹریک ریکارڈ اور موجودہ فارم کو دیکھنا چاہیے۔پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگوکرتے ہوئے شعیب محمد نے کہا کہ میگا ایونٹس کیلیے اسکواڈز تشکیل دیتے ہوئے تجربہ اور نوجوان کھلاڑیوں کا امتزاج اہمیت کا حامل ہے،پاکستانی ٹیم میں سینئر پیسرز محمد عامر اور وہاب ریاض کو بھی شامل کرنا چاہیے تھا، دونوں گیند کو موو کرنے کی اچھی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صرف اسٹرائیک ریٹ یا بڑے چھکے لگانے کی بنیاد پر کسی بیٹسمین کو منتخب نہیں کیا جا سکتا،ٹریک ریکارڈ اور موجودہ فارم کو بھی دیکھنا ضروری ہے،سابق ٹیسٹ کرکٹر نے شعیب ملک کی ورلڈکپ اسکواڈ میں شمولیت پر بھی زور دیا تھا،آل راؤنڈر کو اب اسکواڈ کا حصہ بنایا جا چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک ایک غیر معمولی بیٹسمین اور فیلڈر ہیں، گذشتہ دور میں قومی ٹیم مصباح الحق کے مائنڈ سیٹ میں کھیلتی رہی،اسی وجہ سے فخرزمان جیسے بیٹسمین کو مڈل آرڈر میں کھلایا جاتا رہا، اْبھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ کوئی بھی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتے ہوئے طالبعلم کا رویہ نہیں رکھ سکتا، ملک کیلیے کھیلتے ہوئے آپ کو استاد کا ذہن لے کر میدان میں اترنا اور پرفارم کرنا چاہیے۔ایک سوال پر شعیب محمد نے کہا کہ کسی کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر ٹیسٹ میچز میں نہیں کھلایا جا سکتا،جوروٹ، کین ولیمسن اور عثمان خواجہ نے پہلے طویل فارمیٹ میں اپنا مقام بنایا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں