بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’جوان‘ کا ایک اور گانا ’چلیا‘ جاری کردیا، گانے کے ریلیز ہوتے ہی کنگ خان کے مداحوں نے نئے گانے میں ماضی کے گانے ’پریٹی ویمن‘ کی جھلک تلاش کرلی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ’ایس آر کے یونیورس‘ کے نام سے شاہ رخ خان کے مداحوں کی جانب سے بنائے گئے پیج پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔
مذکورہ ویڈیو میں نئے گانے ’چلیا‘ اور فلم ’کل ہونہ ہو‘ کے گانے ’پریٹی ویمن‘ کے مختلف مناظر کو ایک ساتھ جوڑا ہے۔ ان دونوں مناظر میں ایک ننھی بچی کنگ خان کے گالوں پر یکساں انداز میں بوسہ دیتی دکھائی دیتی ہے۔
مذکورہ ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ ’وقت کتنی جلدی بدل جاتا ہے، لیکن شاہ رخ خان ابھی بھی بادشاہ ہیں‘۔
دونوں گانوں میں ایک ہی طرح کے مناظر دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین کے ذہن میں ماضی کی یادیں تازہ ہوگئیں اور انہوں نے فلم ’کل ہو نہ ہو‘ میں امن کا کردار ہو یا پھر فلم ’جوان‘ میں راج کا، شاہ رخ خان کو ’ابدی بادشاہ‘ قرار دے دیا۔
ایک صارف نے ویڈیو کے کمنٹس سیکشن میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایسا لگ رہا ہے جیسے کل کی بات ہو‘۔
ایک اور صارف نے پہلے صارف سے اتفاق کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب میں نے یہ ویڈیو پہلی بار یوٹیوب پر دیکھی تو میں بھی یہ کہنے والا تھا‘، ایک اور صارف نے لکھا کہ میرے ذہن میں بھی یہ ہی منظر سامنے آگیا تھا‘۔
خیال رہے کہ ہدایت کار ایٹلی کمار کی فلم جوان 7 ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی، جس میں کنگ خان راج نامی پولیس افسر کا کردار بھی نبھائیں گے۔