بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی مشہور فلم ’کل ہو نہ ہو‘ کے ہدایت کار نکھل اڈوانی نے انکشاف کیا ہے کہ کنگ خان کی خواہش تھی کہ مذکورہ فلم میں سلمان خان کو مرکزی کردار میں کاسٹ کیا جائے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’کل ہو نہ ہو‘ کے ہدایت کار نکھل اڈوانی نے ثمر خان کی کتاب ’SRK 25 Years of Life‘ میں انکشاف کیا ہے کہ 2000 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کل ہو نہ ہو‘ کی شوٹنگ کا ابھی آغاز ہی ہوا تھا کہ 4 یا 5 دن بعد شاہ رخ خان جرمنی چلے گئے تھے۔
ہدایت کار نے بتایا کہ شاہ رخ نے ان سے فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ وہ کمر کی تکلیف کے باعث فلم شوٹنگ جاری رکھنے سے قاصر ہیں اس لئے فلم چھوڑنی پڑے گی۔ بعد ازاں انہوں نے اس حوالے سے کرن جوہر، جو فلم کے شریک پروڈیوسر اور رائٹر بھی تھے، کو مطلع کیا اور سلمان خان کو کاسٹ کرنے کی تجویز پیش کی۔
تاہم کرن جوہر نے شاہ رخ خان کی تجویز کو مسترد کردیا، کیونکہ فلم کا اسکرپٹ کنگ خان کو ذہن میں رکھ کر لکھا گیا تھا۔ کرن جوہر نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ وہ فلم کی شوٹنگ میں 9 ماہ کی تاخیر برداشت کرلیں گے۔
آپ کو یہاں یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ اگرچہ سلمان خان فلم کے مرکزی کردار میں تو شاہ رخ خان کی جگہ نہیں لے سکے لیکن انہوں نے فلم میں کیمو کیا تھا تاہم ان کا وہ سین بعدازاں فلم سے نکال دیا گیا۔