بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہد کپور نے فلموں کو ’فاسٹ فوڈ‘ سے تشبیہ دے دی۔
شاہد کپور نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران 2021ء میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’جرسی‘ کی باکس آفس پر ناکامی کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ میں فلم ’جرسی‘ کی ناکامی پر دل شکستہ ہوگیا تھا کیونکہ یہ ایک بہت ہی خوبصورت فلم تھی لیکن مجھے لگتا ہے کہ تب قدرت ہم پر مہربان نہیں تھی، فلم کے گانے باہر ہوگئے تھے لیکن کورونا وبا کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر فلم کی ریلیز میں 4 ماہ کی تاخیر ہوئی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ فلم ’جرسی‘ کی ناکامی کے بعد میں نے محسوس کیا کہ فلمیں ’فاسٹ فوڈ‘ کی طرح ہوتی ہیں، جس طرح فاسٹ فوڈ کو فوراََ نہ کھایا جائے تو وہ اپنا ذائقہ کھو دیتا ہے۔
شاہد کپور نےکہا کہ بالکل اسی طرح فلم جب تاخیر سے ریلیز ہوئی تو اس کی اہمیت میں کمی آگئی اور مارکیٹ میں اس کو پذیرائی نہیں مل سکی۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے کبھی وہ سب کچھ نہیں دیکھا تھا جو کورونا وبا کے پھیلاؤ کے دوران دیکھا۔ اس لیے ہمیں کچھ بھی نہیں پتہ تھا کہ اب کیا کرنا چاہیئے اور ہماری کم علمی کا نتیجہ بد قسمتی سے فلم کو بھگتنا پڑا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم نے فلم کے ساتھ انصاف نہیں کیا کیونکہ ہم اس سے بہتر انتخاب کر سکتے تھے لیکن خیر کبھی کبھی زندگی میں ایسا وقت آتا ہے کہ صورتحال آپ کے کنٹرول سے بالکل باہر ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ شاہد کپور نے فلم’جرسی‘ میں ایک سابق کرکٹر کا کردار ادا کیا تھا اور فلم میں ان کی اداکاری بھی کافی متاثر کن تھی لیکن بدقسمتی سے یہ فلم باکس آفس پر اچھی کارکردگی نہیں دِکھا سکی۔
البتہ، آج کل شاہد کپور کو کرائم تھرلر او ٹی ٹی سیریز ’فرضی‘ میں شاندار اداکاری کے جوہر دِکھانے پر دنیا بھر سے کافی پذیرائی مل رہی ہے۔
’فرضی‘ ایمزون پرائم پر دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والے سیریز بن گئی ہے۔
راج اور ڈی کے کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ سیریز شاہد کپور اور وجے سیتھوپتی کا ڈیجیٹل ورلڈ میں ڈیبیو ہے۔