پاکستان کے معروف اداکار و فلم ساز شان شاہد وہ پہلی شوبز شخصیت بنے تھے جنہوں نے ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ’دیریلیش ارطغرل‘ کو پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر کرنے کی مخالفت کی تھی۔
شان شاہد نے ترکی کے ڈرامے کو پی ٹی وی پر نشر کرنے کے تین دن بعد 28 اپریل کو ہی ٹوئٹ کرتے ہوئے اسے سرکاری ٹی وی پر چلانے کی مخالفت کی تھی۔
شان شاہد کی اس بات پر تنقید بھی کی گئی تھی، جس کے بعد انہوں نے وضاحت کی تھی کہ وہ ترکی کے ڈراموں کی مخالف نہیں بلکہ وہ کسی بھی دوسرے ملک کے ڈرامے کو سرکاری ٹی وی پر چلانے کے مخالف ہیں۔
شان شاہد کی جانب سے ارطغرل غازی کو پی ٹی وی پر نشر کرنے کی مخالفت کے بعد اداکارہ ریما اور یاسر حسین سمیت منشا پاشا جیسی اداکاراؤں نے بھی اسے سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے کی مخالفت کی تھی۔
بعد ازاں شان شاہد ارطغرل غازی کے حوالے سے اور بھی ٹوئٹ کرتے دکھائی دیے، جن میں وہ کسی قدر ڈرامے کی مخالفت کرتے دکھائی دیے۔
مگر اب انہوں نے اپنی تازہ ٹوئٹ میں ’ارطغرل غازی‘ کو ماسٹر پیس قرار دے دیا۔
شان شاہد نے 14 جون کی اپنی ٹوئٹ میں ’ارطغرل غازی‘ ڈرامے کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے اسے ’ماسٹر پیس‘ قرار دیا۔
شان شاہد نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ انہوں نے حال میں ترک ڈرامے کی تمام قسطیں دیکھ کر مکمل کیں۔
انہوں نے ڈرامے کو کلاسک ماسٹر پیس قرار دیتے ہوئے ڈرامے کے پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز سمیت ٹیم کے دیگر ارکان کا شکریہ ادا کیا۔
شان شاہد نے ڈرامے کی تکنیکی ٹیم سمیت ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس کا بھی شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: شان کے بعد ریما بھی ’ارطغرل غازی‘ کے پاکستان میں دکھائے جانے پر ناخوش
شان شاہد کی جانب سے ’ارطغرل غازی‘ کی تعریف کیے جانے پر اداکار کے مداح بھی حیران رہ گئے اور ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ شان شاہد ایک اچھے ڈرامے کی تعریف کر رہے ہیں۔
کئی مداحوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور کہا کہ پہلے جس ڈرامے کو نشر کرنے پر اختلاف کرتے رہے، اب اسی ڈرامے کی تعریف کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر پی ٹی وی نے اپریل کے آخر اور یکم رمضان المبارک سے معروف ترک ڈرامے دیریلیش ارطغرل کو اردو میں نشر کرنا شروع کیا اور مذکورہ ڈرامے کو بہت سراہا جا رہا ہے۔
اس ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے اور یہ یوٹیوب پر دیکھا جانے والا سب سے مقبول ڈراما بن گیا۔
ارطغرل ڈرامے کی کہانی 13 ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی کہانی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔
ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13 ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔
ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔