سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے فہد مصطفیٰ کی اداکاری کی تعریفیں کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے حالیہ ڈرامے کے نشر ہونے کے بعد ملک بھر کی کنواری اور شادی شدہ لڑکیوں کو اداکار سے عشق ہونا شروع ہوچکا۔
عتیقہ اوڈھو نے حال ہی میں ڈراموں پر تبصرے کرنے والے شو ’کیا ڈراما ہے‘ میں فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر کے ڈرامے ’کبھی میں، کبھی تم‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے اداکار کی تعریفیں کیں۔
سینیئر اداکارہ نے ڈرامے میں فہد مصطفیٰ کی جانب سے کی جانے والی اداکاری کو سراہتے ہوئے انہیں حقیقی اداکار قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے کردار میں جان ڈالی۔
عتیقہ اوڈھو نے فہد مصطفیٰ کے چند مناظر کو شاندار اداکاری کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف ڈائلاگ ڈیلیوری بلکہ اپنی بول چال، اندازوں اور اشاروں سے بھی اداکاری کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈرامے میں شاندار اداکاری کی وجہ سے فہد مصطفیٰ ملک بھر کی لڑکیوں کے لیے فنٹیسی ہیرو بنتے جا رہے ہیں۔
عتیقہ اوڈھو نے اس پر وضاحت کی کہ ملک کی کنواری یا شادی شدہ لڑکیوں کو فہد مصطفیٰ سے عشق ہونا شروع ہوچکا ہے۔
اداکارہ نے اس پر مزید وضاحت کی کہ لڑکیوں کو فہد مصطفیٰ کے کردار سے عشق ہونا شروع ہوچکا ہے، جس پر میزبان اور وہاں موجود مہمان نادیہ خان اور مرینہ خان بھی ہنس پڑیں۔
ان سے قبل نادیہ خان بھی اسی پروگرام میں فہد مصطفیٰ کی اداکاری کی تعریفیں کرتے ہوئے کہ چکی ہیں کہ ان کی ڈرامے ’کبھی میں، کبھی تم‘ میں اداکاری دیکھ کر ملک بھر کی خواتین پاگل ہو رہی ہیں، یہاں تک کہ زائد العمر خواتین بھی فہد مصطفیٰ کے لیے پاگل ہو رہی ہیں۔