شائقین کی نگاہیں کوئٹہ اورپشاورکے مقابلے پرمرکوز


لاہور: پی ایس ایل میں شائقین کی نگاہیں سپر پاورز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے مقابلے پر مرکوز ہوں گی، 14باہمی مقابلوں میں سرفراز احمد الیون برتری ثابت کرچکی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے میچز خصوصی توجہ کا مرکز بنتے ہیں، دونوں ٹیمیں 14مرتبہ مقابل آئیں، 8میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزاور5میں پشاور زلمی نے کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جیت کا تناسب 61.90 جبکہ پشاور زلمی کا58.69ہے، دونوں ٹیمیں 3،3بار فائنل میں رسائی حاصل کرچکیں اور ایک ایک مرتبہ ٹائٹل جیتا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس بار اپنے اعزاز کا دفاع بھی کریں گے، دونوں ٹیمیں پی ایس ایل 2017 کے فائنل میں پنجہ آزمائی بھی کرچکی ہیں، اس میں پشاورزلمی نے 58 رنز سے فتح پائی اور ڈیرن سیمی نے چمچماتی ٹرافی اٹھائی، سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے اس شکست کا بدلہ گذشتہ ایڈیشن کے فائنل میں لیا اور 8 وکٹ کی جیت کے ساتھ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
پی ایس ایل 5میں دونوں ٹیمیں 2مرتبہ لیگ مرحلے میں مدمقابل آئیں گی، پہلا ٹاکرا 22 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور دوسرا 5مارچ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ پشاور زلمی کو ایونٹ کے کامیاب کھلاڑیوں کامران اکمل ( 47 میچز میں 1286 رنز) اور وہاب ریاض (45میچز میں 65 وکٹیں) کی خدمات حاصل ہیں۔

رواں سال شعیب ملک کی شمولیت سے بیٹنگ لائن کو مزید تقویت ملی ہے، ٹام بنٹن بھی موجود ہیں، کیرون پولارڈ، ڈیرن سیمی اور امام الحق گذشتہ ایڈیشنز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں، انجری سے صحتیاب ہونے والے حسن علی،راحت علی، نوجوان اسپنر محمد محسن، عامر علی اور فاسٹ بولر عامر خان بھی پشاور زلمی کے اہم ہتھیار ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی امیدوں کا محور گذشتہ ایڈیشن کے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ شین واٹسن ہوں گے، جیسن روئے، عمر اکمل اور احمد شہزاد بھی سرفراز احمد کی قیادت میں متوازی بیٹنگ لائن اپ کا حصہ ہیں، بولنگ میں پیسرز نسیم شاہ، محمد حسنین، ٹیمل ملز، اسپنرز محمد نواز، فواد احمداورآرش علی خان موجود ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں