راولپنڈی: جہاں پاکستان میں کووڈ 19 کے کیسز میں اضافے کے دوران 23 مختلف ممالک پر سخت سفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں وہیں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے مزید 30 اپریل تک سفری پابندیوں میں توسیع کردی۔
بھارت میں کووڈ 19 کے کیسز میں اضافے کے بعد وفاقی حکومت نے 19 اپریل کو بھارت کو سی کیٹیگری ممالک کی فہرست میں شامل کردیا اور اس ملک سے چارٹرڈ اور نجی طیاروں کی پروازوں پر پابندی عائد کردی۔
اے، بی اور سی کیٹیگری میں شامل ممالک کی فہرست پر مشتمل سی اے اے کی جانب سے ایک تازہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جسے ریگولیٹر نے 20 ممالک کے ساتھ شیئر کیا، اس میں بھارت کی شمولیت کے بعد کیٹیگری سی میں شامل ممالک کی تعداد بڑھ کر 23 ہوگئی ہے۔
23 مارچ سے نافذ ہونے والے سابقہ نوٹیفکیشن کے مطابق کیٹیگری سی ممالک سے پاکستان کے سفر پر مکمل پابندی ہوگی جس میں پاکستانی پاسپورٹ اور اوورسیز پاکستانیوں کے شناختی کارڈ رکھنے والوں کو فراہم کی گئی چھوٹ واپس بھی واپس لے لی گئی تھی۔
کیٹیگری سی میں شامل ممالک میں جنوبی افریقہ، بوٹسوانا، گھانا، کینیا، کوموروس، موزمبیق، زیمبیا، تنزانیہ، روانڈا، برازیل، پیرو، کولمبیا، چلی، ایسواٹینی، زمبابوے، لیسوتھو، مالاوی، سیچلس، صومالیہ، سرینام، یوراگوئے، وینزویلا اور بھارت شامل ہیں۔
سی اے اے کا کہنا تھا کہ اے کیٹیگری میں آنے والے 20 ممالک کے مسافروں کو پاکستان میں داخل ہونے سے قبل کووڈ 19 ٹیسٹ کی ضرورت نہیں تھی جبکہ وہ تمام ممالک جو کیٹیگری اے اور سی میں نہیں وہ کیٹیگری بی میں شامل ہوتے ہیں۔
کیٹیگری اے کے ممالک میں آسٹریلیا، بھوٹان، چین، فجی، جاپان، قازقستان، لاؤس، منگولیا، موریتانیا، مراکش، میانمار، نیپال، نیوزی لینڈ، سعودی عرب، سنگاپور، جنوبی کوریا، سری لنکا، تاجکستان، ٹرینیڈاڈ، ٹوباگو اور ویتنام شامل ہیں۔
سی اے اے نے کہا کہ وہ تمام ممالک کے مسافر جو کیٹیگری اے میں نہیں انہیں پاکستان کے سفر سے قبل (زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے پرانا) کووڈ 19 پی سی آر ٹیسٹ کی ضرورت ہوگی۔
دوسری جانب کینیڈین ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پاکستان سے آنے والے تمام مسافروں اور کارگو پروازوں پر 30 دن کے لیے پابندی عائد کرنے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے کینیڈا کی اپنی تمام پروازیں معطل کردیں اور وہاں پھنسے اپنے 16 رکنی عملے کو واپس لانے کے انتظامات کرنا شروع کردیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ عملے کے ممبران کو یا تو ایک مخصوص کارگو فلائٹ کے ذریعے یا انٹر لائن انتظامات کے ذریعے واپس بلایا جائے گا۔