لاہور:
عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ سیاست میں آنا مشکل ہے سفیر بن کر پاکستان کی خدمت کرنا پسند کروں گا۔معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان اور پاکستانی باکسر محمد وسیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر محمد عامر کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان سے پیار ہے اور پاکستان کے لئے ہی کھیلتا ہوں، ملک میں ہونے والے تمام ایونٹس پر اپنی جیب سے خرچ کرتا ہوں، ہم پاکستان میں بڑے بڑے ایونٹس لے کر آئیں گے تاکہ ملک سے ٹیلنٹ تلاش کیا جاسکے، مجھے پوری امید ہے کہ باکسر محمد وسیم عالمی سطح پر پاکستان کا چیمپئین بنے گا۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ سیاست میں آنا میرے لیے مشکل ہوگا، میں پاکستان کا سفیر بن کر ملک لے لئے کام کرنا ذیادہ پسند کروں گا، آذاد کشمیر میں اسپتال کھول رہا ہوں اور اسکول بھی بناؤں گا۔
اس موقع پر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ میرا تعلق بلوچستان کے ایسے علاقے سے ہے جہاں سہولتیں کم ہیں، لیکن بلوچستان کے عوام پاکستان ے بہت پیار کرتے ہیں اور اپنے ملک کے لئے جان بھی قربان کرسکتے ہیں، مجھے خوشی ہے کہ اپنے ملک کا نام روشن کیا اور مجھے ایک بڑی جیت ملی۔