کراچی: ملک میں سونے کی قیمت نئی بلند ترین سطح یعنی فی تولہ ایک لاکھ 9 ہزار 250 روپے اور فی 10 گرام 93 ہزار 664 تک جا پہنچی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں اضافے اور معاشی بحالی میں سست روی کے باعث سونے کی قیمت میں ایک ہزار 809 ڈالر فی اونس کا اضافہ ہوا۔
آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ہفتہ کی قیمتوں کے مقابلے سونے کی فی تولہ قیمت میں 350 اور فی 10 گرام کی قیمت میں 300 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رائٹرز کا کہنا تھا کہ امریکا اور چین کے مابین تجارتی تناؤ اور روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ سونے کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات میں شامل ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 31 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ صرف 7 ماہ کے عرصے میں 5 لاکھ سے زائد لقمہ اجل بنے۔
سونے کی قیمتوں میں رواں برس 19 فیصد سے زائد اضافہ ہوچکا ہے اور اس کی وجہ عالمی وبا کی وجہ سے دنیا کی معیشتوں کو بحالی کے لیے حکومتوں اور مرکزی بینکوں کی جانب سے دی گئیں بڑی رعایتیں ہیں۔
بی آئی پی ایل سیکیورٹیز کے مطابق ایک ماہ سے زائد عرصے میں سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچنے کی وجہ یہ بھی ہے کہ سرمایہ کار کورونا وائرس کے باعث بین الاقوامی معیشت کی بحالی میں تاخیر کو دیکھتے ہوئے سونے میں سرمایہ کاری کو محفوظ تصور کررہے ہیں۔