سونی نے پہلی بار ایک الیکٹرک گاڑی کو تیار کرلیا

سونی نے پہلی بار ایک الیکٹرک گاڑی کو تیار کرلیا


موبائل فونز اور دیگر الیکٹرونک مصنوعات کے حوالے سے مشہور کمپنی سونی نے حیران کن طور پر پہلی بار ایک گاڑی کو متعارف کرادیا ہے ۔

جی ہاں ایک الیکٹرک گاڑی کو جو اس کمپنی نے لاس ویگاس میں سی ای ایس ٹیکنالوجی نمائش کے دوران پیش کی۔

سونی کی پہلی کانسیپٹ گاڑی کو ویژن ایس پروگرام کے تحت پیش کیا گیا اور فی الحال یہ صارفین کو فروخت کے لیے پیش نہیں کی جارہی۔

اس گاڑی کو سونی نے کوالکوم سمیت متعدد کمپنیوں کے ساتھ مل کر تیار کیا ہے۔

سونی نے کانسیپٹ گاڑی کا نام نہیں بتایا مگر اس کا کوڈ نیم سیفٹی کوکون رکھا گیا ہے اور اس کی سڑک پر مکمل آزمائش بھی کی جاچکی ہے۔

اس میں 33 سنسرز موجود ہیں جن کی بدولت یہ خودکار ڈرائیونگ، 360 رئیلٹی آڈیو ٹیکنالوجی، وائیڈ اسکرین ڈسپلے اور دیگر فیچرز استعمال کرسکتی ہے۔

کمپنی کی جانب سے گاڑی کی زیادہ تفصیلات نہیں بتائی گئیں مگر اس میں سونی امیجنگ اور سنسنگ ٹیکنالوجیز کا استعمال ہوا ہے جبکہ اے آئی، ٹیلی کمیونیکشن اور کلاﺅڈ ٹیکنالوجیز کو بھی اس کا حصہ بنایا گیا ہے۔

گاڑی کے اندر اور باہر موجود سنسرز میں ہائی ریزولوشن، ایچ ڈی آر کموس امیج سنسرز (سڑک پر اشیا اور رنگوں کی شناخت کے لیے) اور راڈار وغیرہ قابل ذکر ہیں۔

اس کے علاوہ ٹائم آف فلائٹ سنسرز بھی اس کا حصہ بنائے گئے ہیں تاکہ وہ گاڑی کے اندر اور باہر لوگوں اور اشیا کو دیکھ کر شناخت کرسکے۔

کمپنی کے مطابق اس میں خودکار ڈرائیونگ کا لیول 2 ہے، یعنی اس کا سسٹم ایکسلیٹرنگ، بریکنگ اور اسٹیئرنگ کا مکمل کنٹرول حاصل کرسکتا ہے مگر ڈرائیور کو گاڑی کے ردعمل پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ سسٹم میں خرابی ے کوئی نقصان نہ ہوسکے۔

اس گاڑی میں 4 نشستیں ہیں جبکہ دو 200 کلوواٹ انجن دیئے ہیں جو اسے 4.8 سیکنڈ میں صفر سے 62 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑنے میں مدد دیتے ہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ 149 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اسے چلایا جاسکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں