بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور پاکسان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فواد خان کی معترف نکلیں اور دوبارہ ملنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار فواد خان نے اپنے نئے پروجیکٹ کی ایک ویڈیو ’بہت جلد‘ کے کیپشن کے ساتھ شیئر کی۔
اس ویڈیو میں فواد خان کو بھرپور ایکشن میں دیکھا جا سکتا ہے۔ دیکھنے میں تو یہ کسی فلم کا سین معلوم ہوتا ہے لیکن انہوں نے پوسٹ میں تفصیلات شیئر نہیں کیں۔
تاہم اس ویڈیو سے بھارتی اداکارہ متاثر نظر آئیں اور کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ فواد خان جب بھی اسکرین پر آتے ہیں تو دھمال مچاتے ہیں، جلد ہی آپ سے اور صدف (اہلیہ فواد خان) سے ملاقات ہوگی۔
خیال رہے کہ فواد خان اور سونم کپور نے 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ”خوبصورت“ میں مرکزی کردار نبھایا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں معروف بھارتی اداکارہ سونم باجوہ نے بھی فواد خان کی محبت میں گرفتار ہونے کا اعتراف کیا تھا۔
سونم باجوہ کا کہنا تھا کہ فواد خان میرا سب سے بڑا کرش ہیں، اگر وہ شادی شدہ نہ ہوتے تو میں انہیں ڈیٹ پر جانے کی درخواست کرتی، مگر میں ایسا نہیں کر سکتی کیوں کہ میں شادی شدہ لوگوں پر نظر نہیں رکھتی۔