سوارا بھاسکر کی شادی کی روایتی تقریب کا انعقاد کب اور کہاں ہوگا؟

سوارا بھاسکر کی شادی کی روایتی تقریب کا انعقاد کب اور کہاں ہوگا؟


بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر اور سیاستدان فہد احمد جنہوں نے کچھ عرصہ پہلے کورٹ میرج کرکے سب کو حیران کیا، اب یہ دونوں بہت جلد اپنی شادی کی روایتی تقریب کا انعقاد کرنے کے لیے تیار ہیں۔

 سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر سوارا بھاسکر اور فہد احمد کی شادی کے کارڈ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

شادی کے کارڈ کی تصاویر انسٹاگرام پر پرتیک کمار اور انوپم اروناچلم نامی گرافک ڈیزائنرز نے شیئر کی ہیں۔

اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سوارا اور فہد اپنی شادی کے لیے ایک ایسا دعوت نامہ بنوانا چاہتے تھے کہ جس کے ذریعے اپنے چاہنے والوں کو یہ بتا سکیں کہ وہ دونوں ایک دوسرے سے کیسے ملے اور پھر ایک احتجاج کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوئے۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ نوبیاہتا جوڑے کی خواہش تھی کہ وہ ممبئی اور میرین ڈرائیو کے دوران گزرے لمحات، فلموں سے ان کی لازوال محبت،خوبصورت پالتو بلی، اور غالب کے لیے اپنی محبت کو بھی شادی کی خوشگوار یادوں میں شامل کرسکیں۔

شادی کے کارڈ کے مطابق، شادی کی روایتی تقریب مارچ میں جوڑے کے قریبی عزیزو اقارب اور دوستوں کی موجودگی میں بھارت کے دارالحکومت دہلی میں منعقد ہوگی، جہاں ان دونوں کی پہلی بار جنوری 2020ء میں ملاقات ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ سوارا بھاسکر نے اپنے پرانے دوست اور نوجوان سیاستدان فہد احمد سے گزشتہ ماہ کورٹ میرج کی تھی۔

سوارا بھاسکر کے شوہر فہد احمد بھارت کی سماج وادی پارٹی کے رہنما ہیں، اس کے علاوہ وہ سماجی مسائل پر بھی آواز اٹھاتے رہتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں