شدید گرمی کی لہر نے کئی یورپی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جب کہ جرمنی، پولینڈ اور چیک ری پبلک میں بدھ کے روز جون کے مہینے کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق فرانس اور سوئٹزرلینڈ سمیت بعض ممالک میں جمعرات کے روز درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ماہرین شمالی افریقا سے چلنے والی غیر معمولی گرم ہواؤں کو یورپ میں ہیٹ ویو کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔
جب کہ فرانسیسی حکام نے شدید گرمی کی لہر کے سبب انسانی جانوں کو لاحق خطرات کی وارننگ جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ماہرین نے آئندہ تین روز میں کئی مقامات پر گرمی کی شدت مزید بڑھنے کی بھی پیشگوئی کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین کے شمال مشرقی علاقوں میں جمعہ تک درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جس کے پیش نظر حکام نے بعض علاقوں میں جنگلات میں آگ بھڑکنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔
2003 میں فرانس میں ہیٹ ویو کے باعث 15 ہزار افراد جان سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے جب کہ موجودہ گرمی کی لہر کے سبب پیرس اور لیون سمیت کئی شہروں میں آلودگی کم رکھنے کے لیے ٹریفک کو بھی کنٹرول کیا گیا ہے۔
گرمی کی شدید لہر کے باعث فرانس کے کئی اسکولوں میں امتحانات بھی مؤخر کردیے گئے ہیں۔