سنیل گاوسکرنے پاک بھارت سیریز کا امکان مسترد کردیا


ممبئی: 

سنیل گاوسکر نے بھی پاک بھارت کرکٹ سیریز کا امکان مسترد کر دیا۔

سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے چند روز قبل متاثرین کورونا وائرس کیلیے پاک بھارت امدادی سیریز کی تجویز دی تھی،ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے کھلاڑیوں کو سپورٹ کریں گے، اگر ویرات کوہلی سنچری بنائیں تو ہمیں خوشی ہوگی، اگر بابر اعظم عمدہ پرفارم کریں تو بھارتی شائقین خوش ہوں گے،ان مقابلوں سے حاصل شدہ آمدنی دونوں ممالک میں کورونا وائرس سے مشکلات کا شکار ہونے والے افراد کی مدد کیلیے خرچ ہوگی۔

اس تجویز کو فوری طور پر سابق بھارتی کپتان کپیل دیو نے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کو رقم کی ضرورت نہیں اور نہ ہی اس قسم کا میچ ہونا چاہیے، کھلاڑیوں کی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈالا جاسکتا، اس لیے بہتر ہے کہ گھر پر آرام سے رہیں۔

اب ایک اور بھارتی کپتان سنیل گاوسکر نے بھی کپیل دیو کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے کہا کہ لاہور میں برف باری تو ہوسکتی ہے مگر مستقبل قریب میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کا کوئی امکان نہیں ہے۔

رمیز راجہ کے یوٹیوب چینل پر  بات چیت میں انھوں نے کہا کہ دونوں ٹیمیں بدستور ورلڈ کپ اور آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتی رہیں گی مگر آپس میں سیریز کا امکان فی الحال نہ ہونے کے برابر ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں