سندھ کی تمام ڈیویلپمنٹ اتھارٹیز کو مفلوج کرنے کا منصوبہ تیار

سندھ کی تمام ڈیویلپمنٹ اتھارٹیز کو مفلوج کرنے کا منصوبہ تیار


کراچی: 

 سندھ بھر کی تمام ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کو مفلوج کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا۔

شہید بے نظیر بھٹو کے حکم پر بنائی گئیں اتھارٹیز کو مفلوج کیے جانے پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سمیت سینئر افسران میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی،باوثوق ذرائع کے مطابق سندھ حکومت محکمہ بلدیات کی طاقتور بیوروکریسی نے کابینہ میں کیے گئے فیصلوں کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن بے نظیر بھٹوکے احکام پربنائی گئی تمام ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کو مفلوج بنانے کے منصوبے پر تیزی سے کام شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عدالتی احکام پر سندھ کابینہ کی جانب سے ایس بی سی اے کے ماتحت کام کرنے والے محکمہ ماسٹر پلان کو علیحدہ کرکے اتھارٹی بنانے کی منظوری دی گئی جس کیلیے باقاعدہ ایک نوٹیفکیشن بھی 18 فروری 2020 کو محکمہ لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیا گیا تھا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کے مذکورہ فیصلے ایکٹ بنایا جانا ہے۔

سندھ حکومت کے اندرونی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ محکمہ بلدیات کی بیوروکریسی نے مذکورہ فیصلے کی آڑ میں سندھ بھر کی تمام ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کو مفلوج کرنے کی تیاریاں کر لی ہیں جس میں لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی،ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، حیدر آباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی، لاڑکانہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر اتھارٹیز شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ اتھارٹیزکوان کے پلاننگ ڈپارٹمنٹ سے محروم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، پلاننگ ڈپارٹمنٹ سے محروم ہوجانے پر مذکورہ اتھارٹیز مکمل طور پر مفلوج ہوکرہ جائیںگی، واضح رہے کہ کابینہ نے صرف ایس بی سی اے کے ماتحت کام کرنے والے محکمہ ماسٹر پلان کو علیحدہ اتھارٹی بنانے کی منظوری دی ہے۔

مذکورہ اقدام کابینہ کے فیصلے کے برخلاف ہونے کے ساتھ ساتھ سندھ کی حکمراں جماعت پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن بینظیر بھٹو کے فیصلے کے بھی خلاف ہے، موجودہ صورتحال میں پیپلز پارٹی کے رہنما ؤں،ڈیولپمنٹ اتھارٹیز اورخود محکمہ بلدیات کے سینئر افسران میں بھی سخت تشویش پائی جارہی ہے،انھوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت وزیر اعلیٰ سندھ سے ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کو مفلوج کرنے کی سازش میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں