سندھ میں 88 اسکول اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق


کراچی: محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق اب تک 88 اسکول اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق صوبے کے 13 ہزار اساتذہ کے کورونا وائرس ٹیسٹ کرائے گئے جن میں سے 2500 اساتذہ کے نتائج محکمہ تعلیم کو موصول ہو گئے ہیں۔

محکمہ تعلیم کے مطابق ان میں 88 اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ کے 2 کالجوں کے 16 اساتذہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے جس کے بعد دونوں کالجوں کو بند کردیا گیا تھا۔

سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے متنبہ کیا ہے کہ اسکولوں میں ایس او پیز پر عمل نہیں ہورہا جس سے ایسا لگ رہا ہےکہ اسکولوں کو پھر بند کرانا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ  اگر محسوس ہوا کہ چیزیں درست سمت میں نہیں جارہیں تو اسکول بند کرنےمیں دیر نہیں کریں گے۔

یاد رہے کہ ملک بھر میں 7 ماہ بعد 15 ستمبر سے تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد یونیورسٹیوں، کالجوں کے ساتھ ساتھ  اسکولوں میں میٹرک کی کلاسز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تاہم، متعدد اسکولوں سے طے شدہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے کی رپورٹس بھی سامنے آئیں جس کے بعد 22 تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا تھا جن میں خیبرپختونخوا کے 16، اسلام آباد کا ایک اور آزاد کشمیر کے 5 تعلیمی ادارے شامل تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں