وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی کے ورچوئل اجلاس میں صوبے کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔
نجی چینل ‘جیو نیوز’ کے پروگرام ‘کیپیٹل ٹاک’ میں گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ‘اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ہمارا اجلاس ہوا تھا، حالات کے تناظر میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے ورچوئل اجلاس کی درخواست کی ہے۔’
انہوں نے کہا کہ ‘اب ٹیکنالوجی بہت جدید ہوگئی ہے اور ورچوئل اجلاس کا انعقاد باآسانی کیا جاسکتا ہے اور اسپیکر قومی اسمبلی اس سلسلے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔’
ان کا کہنا تھا کہ ‘سندھ کا بجٹ ورچوئل اجلاس میں پیش ہوگا اور صوبائی حکومت اس میں اپنا پورا کردار ادا کرے گی۔’
اس موقع پر پروگرام کے دوسرے مہمان و وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سندھ اسمبلی کے ورچوئل اجلاس کے لیے اپنی وزارت کی خدمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہمارے پاس ورچوئل اجلاس کے لیے ٹیکنالوجی تیار ہے اور اس سلسلے میں سندھ حکومت سے تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔’
قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے فوادچوہدری نے کہا کہ ‘میرا سب کو یہ کہہ کہہ کر گلا بیٹھ گیا ہے کہ جو اجلاس آپ ورچوئل کر سکتے ہیں اس کے لیے اکٹھے نہ ہوں، قومی اسمبلی یا کابینہ کے اجلاس کے بڑا مسئلہ یہ ہے وہاں پورے ملک سے نمائندے شرکت کرتے ہیں اور متعدد اراکین عمر کے اس حصے میں ہیں جس میں ان کے لیے کورونا زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، لیکن بدقسمتی سے میری یہ بات سنی نہیں گئی۔’
انہوں نے کہا کہ ‘بدقسمتی سے پارلیمنٹ کے ایک تہائی اراکین کورونا کا شکار ہوگئے ہیں اور مجھے خدشہ ہے کہ بجٹ اجلاس کے بعد اراکین کی اکثریت وبا میں مبتلا ہوگئی ہوگی۔’
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس جمعہ کی سہ پہر 4 بجے ہوگا جس میں وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کریں گے۔
بجٹ پیش کیے جانے بعد اس پر بحث کے لیے قومی اسمبلی کے کئی سیشنز ہوں گے جس سے مزید اراکین میں کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ ہے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سمیت اراکین پارلیمنٹ کی بڑی تعداد کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہے۔
تقریباً روز ہی مختلف اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز کے کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کی رپورٹس سامنے آرہی ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے عملے کے کئی اراکین بھی اس وبا میں مبتلا ہوچکے ہیں۔