پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سمیع خان آسمان کو چھوتی مہنگائی کے دور میں شادی کی ایک تقریب میں نوٹوں کی بارش ہوتے دیکھ کر برہم ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر منڈی بہاؤالدین میں ہونے والی شادی کی ایک تقریب کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں ہوا میں نوٹ اُڑتے ہوئے اور نیچے کھڑے لوگوں کو اُڑتے نوٹ پکڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اداکار سمیع خان نےاپنی انسٹا اسٹوری پر اس شادی کی تقریب سے وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا۔
اُنہوں نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ’یہ وہی ملک ہے جہاں ایک غریب آدمی اپنے بچوں کے لیے آٹا لینے جاتا ہے اور مرجاتا ہے‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ بے حسی کی انتہا ہے، استغفراللّٰہ‘۔
یاد رہے کہ منڈی بہاؤالدین میں شادی کی تقریب میں اس طرح پیسے لٹائے جانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل سیالکوٹ کے ایک گاؤں کی شادی کی وائرل ویڈیوز اور تصاویر نے بھی سوشل میڈیا صارفین کو حیران و پریشان کردیا تھا۔