بولی وڈ اداکار سلمان خان کے کزن عبداللہ خان ممبئی میں انتقال کرگئے، اس خبر کا اعلان سلمان خان نے خود اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کیا۔
سلمان خان نے اپنے کزن عبداللہ کے ہمراہ انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی، جس پر انہوں نے لکھا کہ ’تم سے ہمیشہ پیار کرتا رہوں گا‘۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق عبداللہ خان ذیابطیس کے مریض تھے، چند روز قبل ان کی طبیعت خراب ہوئی تھی جس کے بعد انہیں ممبئی کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ عبداللہ خان کا انتقال کورونا وائرس کے باعث ہوا تاہم ان کے خاندان والوں نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ عبداللہ کا انتقال کورونا وائرس سے نہیں بلکہ دل کے مسائل کے باعث ہوا۔
واضح رہے کہ 38 سالہ عبداللہ خان کا تعلق بولی وڈ سے تو نہیں رہا البتہ وہ متعدد ایونٹس میں سلمان خان کے ہمراہ نظر آئے۔
رپورٹس کے مطابق عبداللہ خان بھی سلمان خان کی طرح ورزش کے شوقین تھے اور دونوں کو متعدد مرتبہ ایک ساتھ باڈی بلڈنگ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
گزشتہ سال سلمان خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر عبداللہ خان کے ہمراہ ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی، اس سے قبل عبداللہ نے متعدد مرتبہ سوشل میڈیا پر سلمان خان کے ساتھ تصاویر اور ویڈیو شیئر کی تھیں۔
متعدد ویب سائٹس پر یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ عبداللہ سلمان خان کے بھتیجے تھے تاہم کئی رپورٹس میں واضح کیا گیا کہ عبداللہ خان سلمان خان کے والد سلیم خان کے بھانجے تھے۔