نئی دہلی: بھارتی فلم انڈسٹری کے جواں سال ابھرتے ہوئے اداکار موہت بگھیل کینسر جیسے موزی مرض میں مبتلا ہو کر جہان فانی سے کوچ کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کے ساتھ فلم ریڈی کے ساتھی اداکار موہت بگھیل کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور گزشتہ برس سے ان کا علاج جاری تھا تاہم ان کی حالت کچھ دنوں سے مزید خراب رہنے لگی تھی۔ انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں دوران علاج وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔
موہت بگھیل کی بے وقت موت کی خبر نے بالی ووڈ کو غمزدہ کردیا، اداکاروں، ہدایتکاروں اور مداحوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جواں سال اداکار کے انتقال کر جانے پر دکھ کا اظہار کیا اور ان کے شاندار کیریر پر خراج تحسین پیش کیا۔
27 سالہ موہت نے اپنے کیریر کا آغاز مزاحیہ اداکار کے طور پر شروع کیا تھا، اسٹیج اور ٹیلی وژن پر اداکاری کے جوہر دکھائے اور بڑے ہدایت کاروں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد انہیں فلموں میں بھی کام کرنے کا موقع ملا۔
موہت بگھیل نے معروف اداکار سلمان خان کے ساتھ فلم ریڈی میں کام کیا جسے مداحوں اور ناقدین نے خوب سراہا تھا۔ بھارتی فلم انڈسٹری میں کینسر کے باعث ایک ماہ کے دوران ہلاک ہونے والے یہ تیسرے اداکار ہیں۔