سلمان خان کو قتل کرنے کیلئے قاتلوں کو کس نے کتنی رقم دی؟

سلمان خان کو قتل کرنے کیلئے قاتلوں کو کس نے کتنی رقم دی؟


بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کے کیس میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ممبئی کرائم برانچ کی جانب سے دائر چارج شیٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لارنس بشنوئی نے سلمان خان کے قتل کی ہدایت دی تھی اور اس کام کےلیے 6 اجرتی قاتلوں کو ٹاسک دیا گیا تھا۔ 

چند روز قبل ممبئی کی خصوصی عدالت نے جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا تھا۔ اسی کیس میں روہت گوڈیرا نامی شخص کے خلاف بھی وارنٹ جاری کیا گیا تھا جو مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ کا رکن ہے۔

انمول اور روہت واقعے کے بعد سے مفرور ہیں اور ممبئی پولیس نے انہیں چارج شیٹ میں نامزد کیا تھا۔ اسی تناظر میں خصوصی جج بی ڈی شیلکے نے انمول اور گوڈیرا کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے۔

تاہم اب ممبئی کرائم برانچ کی جانب سے عدالت میں چارج شیٹ جمع  کروائی گئی ہے جس میں انکشاف ہوا ہے کہ لارنس بشنوئی نے اجرتی قاتلوں کو سلمان خان کو قتل کرنے کےلیے 20 لاکھ کی ادائیگی کی تھی۔

چارج شیٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ انمول بشنوئی نے فائرنگ کرنے والے شوٹرز کو 9 منٹ پر طویل ایک وائس پیغام بھیجا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ “کام کو اچھی طرح انجام دو، تم لوگ تاریخ رقم کرو گے۔”

انمول نے شوٹرز کو ہدایت دی کہ وہ بغیر ڈرے کام کریں اور سلمان خان کو خوفزدہ کرنے کےلیے گولیاں چلائیں۔ اس کام کے کرنے کا مقصد معاشرے میں تبدیلی لانا ہے۔

یاد رہے کہ اپریل میں بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کے گھر گیلکسی اپارٹمنٹس کے باہر فائرنگ کی گئی تھی جس کا مقصد سلمان خان کو قتل کرنا تھا۔

اس حملے کے پیچھے لارنس بشنوئی گینگ کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا جبکہ واقعے کے بعد سے سلمان خان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں