لندن: سلاد بہترین طبی خزانہ ہے لیکن اپنے ذائقے کی وجہ سے لوگ اسے نظرانداز کردیتے ہیں۔ کئی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ سلاد کھانے سے موڈ بہتر ہوتا ہے اور اس سے مسرت بھی حاصل ہوتی ہے۔
سب سے پہلے 2021 میں ایک میٹا اسٹڈیز میں معلوم ہوا کہ 15 سے 45 سال کے افراد پر تحقیق سے پتا چلا کہ سبزیاں اور پھل کھانے سے صحت بہتر ہوتی ہے اور موڈ پر اچھا اثر ہوتا ہے۔ اس سے ڈپریشن کم ہوتی ہے اور موڈ خوشگوار ہوتا ہے۔ یہ تحقیق امریکا اور فرانس سمیت آٹھ ممالک میں کی گئی تھی۔
پھر حال ہی میں آسٹریلیا میں 15 سال سے زائد عمر کے 12 ہزار افراد پر ایک طویل سروے کیا گیا۔ یہ سروے ایک تحقیقی پروگرام کا حصہ تھا اور کئی برس تک جاری رہا تھا۔ اس سے معلوم ہوا کہ سبزیاں، پھل اور سلاد کھانے سے موڈ بہتر ہوتا ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ سبزیاں اور سلاد ایک طرح سے آپ کے جسم میں زبردست سرمایہ کاری کی حیثیت رکھتے ہیں اور وہ آپ کی دماغی کیفیات کو بھی بہتر بناتے ہیں۔
امریکی جامعہ میں اس ضمن میں ایک چھوٹا تجربہ کیا گیا جس میں 100 طلبا و طالبات شامل تھے۔ ان سے کہا گیا کہ وہ روزانہ فاسٹ فوڈ، چاکلیٹ کا ڈونٹ وغیرہ کھانے کی بجائے، کوئی پھل، سلاد یا سبزی کھالیں۔ ان ہدایات پر تمام افراد نے عمل کیا اور بتایا کہ اگلے دس دن میں ان میں بے چینی اور ڈپریشن میں نمایاں کمی ہوئی اور وہ خوشی محسوس کررہے تھے۔
پھر 2017 میں جرمنی میں یونیورسٹی کے چالیس طلبا و طالبات پر سوالیہ انداز میں ایک سروے کیا گیا تو معلوم ہوا کہ سبزی اور پھل کھانے والے افراد زیادہ مسرور اور ہشاش پشاش رہتے ہیں۔
اس کی وجہ ہے کہ سلاد میں اہم معدنیات، وٹامن اور پولی فینول دماغ پر فوری اور بہتر اثر کرتے ہیں۔