وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان نے لاہور میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کو ’سفید ہاتھی‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اب تک قومی خزانے کو 830 ارب روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔
اتوار کو لاہور میں ایک جوتوں کی نمائش کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے حکومت پر بوجھ ہے، مگر ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس کی نجکاری کا عمل بخوبی جاری ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ، ’نجی کمپنیوں نے پی آئی اے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، پی آئی اے میں دلچسپی رکھنے والی 6 پاکستانی کمپنیاں ملائیشیا، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کی بین الاقوامی فرموں کے ساتھ مشترکہ منصوبے رکھتی ہیں، انہوں نے یکم اکتوبر کو ایک اہم تاریخ کے قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب یہ عمل مکمل ہوگا تو پاکستانیوں کو ایک بین الاقوامی معیار کی ایئر لائن ملے گی۔
انہوں نے پاکستان فٹ ویئر ایسوسی ایشن کی عالمی برانڈز کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے پر تعریف کی اور کہا کہ بیرونی مشنز میں تجارتی افسران کی تعداد میں اضافہ ملک کے کاروباری تعلقات قائم کرنے میں مددگار ہوگا۔
علیم خان کا کہنا تھا کہ حکومت کا کام کاروباری کمیونٹی کو سہولت فراہم کرنا ہے، اور یہ وقت ہے کہ تاجر مواقع سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ صنعت کار چین سے نکل کر تائیوان، بنگلہ دیش جیسے دیگر ممالک میں جا رہے ہیں۔
سیکیورٹی کے مسائل
اسی تقریب میں وزیرِ تجارت جام کمال خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ توانائی کی قیمتیں مقرر کرنا حکومت کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے، اور اس حوالے سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران کا حل تلاش کرنا تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ضروری ہے، اور کاروبار میں آسانی اور ایف بی آر سے متعلق مسائل بھی حل کرنے کی ضرورت ہے۔
تاہم، انہوں نے اس تاثر پر اعتراض کیا کہ غیر یقینی سیکیورٹی صورتحال سرمایہ کاروں کو ملک سے دور کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’کل میں کراچی میں ایک فوڈ اور زراعت کی نمائش میں تھا جس میں یورپ اور دیگر ملکوں سمیت 75 ممالک کے 800 سے زائد مندوبین شریک تھے، جبکہ چینی وفد سب سے بڑا تھا جس میں 150 افراد شریک تھے،‘ انہوں نے سوال کیا کہ اگر پاکستان کی صورتحال اتنی خراب ہے تو بین الاقوامی مندوبین پاکستان میں ہونے والی نمائش میں کیوں شرکت کر رہے ہیں؟
جام کمال کا کہنا تھا کہ ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہو رہی ہے اور یہ ایسی نہیں ہے جیسے بعض میڈیا ادارے پیش کر رہے ہیں، بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال اتنی بدترین نہیں جتنی کہ پھیلائی جا رہی ہے، اگر ایسا ہوتا تو سرمایہ کار بلوچستان میں 70 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ نہ کرتے۔