ریاض: سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان نے غزہ پر اسرائیلی بہیمانہ حملوں کے مسئلے پر ترکیہ اور مصری صدور سے اہم رابطہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
تینوں رہنماؤں نے غزہ میں حملے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے جانے اور فوری جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا۔ سعودی ولئ عہد نے فلسطین کے لیے اسلامی ممالک کی مشترکہ کوششوں پر زور دیتے ہوئے، تنازع کو پھیلنے سے روکنے اور خطے میں استحکام بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
انادولو ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان اور محمد بن سلمان نے اتوار کے روز ایک فون کال میں فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی طرف سے جاری ’’نسل کشی‘‘ کے ساتھ ساتھ دیگر عالمی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
ترکیہ کے کمیونیکیشن ڈائریکٹوریٹ نے X پر ایک پوسٹ میں کہا کہ صدر اردوان نے اسرائیل کی طرف سے فلسطینی علاقوں، خاص طور پر غزہ میں انسانیت کے خلاف جرائم کے سلسلے میں اسرائیل پر عالمی برادری کے دباؤ میں اضافے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ بن سلمان کے ساتھ بات چیت کے دوران اردوان نے اسرائیلی حملوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے ساتھ ساتھ دیرپا جنگ بندی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وفا نیوز ایجنسی کے مطابق مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور سعودی ولئ عہد نے اتوار کے روز غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی اور مغربی کنارے میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی کشیدگی کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی کرنے اور مغربی کنارے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے کی ضرورت پر اتفاق کیا، تاکہ تنازعہ وسیع نہ ہو اور خطے میں استحکام بحال ہو۔
سرکاری سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی ولئ عہد نے فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی حملوں اور کشیدگی کو روکنے کے لیے تمام عرب اور اسلامی ممالک کی کوششوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔