پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سعدیہ امام نے انکشاف کیا ہے کہ جرمنی میں جب ان کی بیٹی بیمار ہوگئی تھی تو اُنہیں بہت مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا۔
سعدیہ امام نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی زندگی کے جرمنی میں گزرنے والے وقت کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میری بیٹی میرب جرمنی میں پیدا ہوئی تھی اور وہاں میرے ساتھ صرف میرے شوہر تھے، اس وقت میں بھی بچوں کی پرورش کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں جانتی تھی کیونکہ جب میرب پیدا ہوئی تو میں پہلی بار ماں بنی تھی۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ جب میرب چھوٹی تھی تو اسے بخار ہوا اور دورے پڑنے لگے تو یہ دیکھ کر میں خوفزدہ ہوگئی اور ہم اسے فوراََ اسپتال لے کر گئے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے میرب کا علاج کیا اور بتایا کہ اگر اس کا بخار بہت زیادہ بڑھے گا تو اس کے ساتھ دوبارہ بھی ایسا ہو سکتا ہے۔
سعدیہ امام نے کہا کہ اب مجھے میرب کی حالت کے بارے میں پتہ ہے تو میں اس بات کا خیال رکھتی ہوں کہ اگر کبھی اسے بخار زیادہ ہو تو اسے نہلا دوں یا پھر ٹھنڈے پانی کی پٹیاں کردوں تاکہ اس کی حالت زیادہ نہیں بگڑے۔
اُنہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ جب میری شادی ہوئی تو میرے شوہر کو جلدی بچے نہیں چاہیے تھے اس لیے جب میں حاملہ ہوئی تو خوفزدہ ہوگئی تھی کہ پتہ نہیں یہ خبر سن کر میرے شوہر کا ردِعمل کیسا ہوگا لیکن یہ خوشی کی خبر سنتے ہی وہ بہت خوش ہوئے۔