سستی ترین الیکٹرک کار گھر بیٹھے خریدنا چاہیں گے؟


اگر آپ الیکٹرک کار خریدنے کا خواب دیکھتے ہیں اور ٹیسلا جیسی مہنگی گاڑی خریدنے کی سکت نہیں رکھتے تو اب آپ دنیا کی سستی ترین الیکٹرک کار گھر بیٹھے خرید سکتے ہیں۔

اوڈیٹی سینٹرل کی رپورٹ کے مطابق چینی مینوفیکچرر چینگ زو زیلی کار انڈسٹری کی ‘چینگ لی’ یا ‘چینگ لی نیمیکا’ کی قیمت 930 ڈالر (تقریباً ایک لاکھ 55 ہزار پاکستانی روپے) اور بڑی بیٹریز کے ساتھ 1200 ڈالر ہے۔

اس گاڑی کو آن لائن آرڈر کیا جاسکتا ہے اور اس کی ڈیلوری آپ کو گھر پر ہی مل جائے گی۔

گاڑی کی الیکٹرک موٹر کی طاقت 1.16 ہارس پاور کے برابر ہے اور یہ 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہے، جبکہ اس کی بیٹری چارج ہونے میں 7 سے 10 گھنٹے کا وقت درکار ہوتا ہے۔

اس کے باوجود اس میں ایئر کنڈیشن، آزاد سسپنشن، ہیٹر، ریڈیو اور پیچھے کی طرف دیکھنے کے لیے کیمرا جیسے دلچسپ فیچرز موجود ہیں۔

چینگ لی کی لمبائی ڈھائی میٹر، چوڑائی ڈیڑھ میٹر اور اونچائی 1.8 میٹر ہے، اس کا اپنا وزن 323 کلوگرام ہے جبکہ یہ 300 کلوگرام وزن برداشت کر سکتی ہے۔

اس الیکٹرک کار میں تین نشستوں والا ورژن بھی موجود ہے تاہم اس کی قیمت تقریباً ڈیڑھ گنا یعنی 1500 ڈالر ہے۔

چینگ لی کو خریدنا بھی نہایت آسان ہے اور اسے دنیا کی معروف ای کامرس ویب سائٹ علی بابا سے خریدا اور گھر بیٹے منگوایا جاسکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں