افغانستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، راشد خان بدستور ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔
کولمبو میں 2 فروری سے شروع ہونے والے سری لنکا کے خلاف واحد ٹیسٹ کے لیے افغان ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ راشد خان اپنی کمر کی انجری کے سبب ٹیم میں جگہ بنانے سے قاصر رہے ہیں۔
لیگ اسپنر سرجری کروانے کے بعد صحت یابی کی جانب گامزن ہیں ان کی جگہ سلیکٹرز نے 2022 میں بین الاقوامی کریئر کا آغاز کرنے والے قیس احمد کو ٹیم میں شامل کیا ہے
امکان ہے کہ نور علی زدران کا اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے لیے انتظار ختم ہوجائے گا جبکہ پیسر نوید زدران اور وکٹ کیپربلے باز محمد اسحاق کو بھی پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
یہ افغانستان کا سری لنکا کے خلاف پہلا اور مجموعی طور پر آٹھواں ٹیسٹ ہوگا۔ افغانستان کو اس سال مزید 6 ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہیں، جن میں بنگلہ دیش کے خلاف 2 اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر واحد ٹیسٹ شامل ہے۔
پچھلے 8 ٹیسٹ میچز میں افغانستان کی ٹیم کو بنگلہ دیش، آئرلینڈ اور زمبابوے کے خلاف ایک ایک فتح حاصل ہوئی ہے۔
افغانستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں کپتان حشمت اللہ شاہدی، نائب کپتان رحمت شاہ اور دو وکٹ کیپرز اکرام علی خیل اور محمد اسحاق شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ابراہیم زدران، نور علی زدران، عبدالمالک، بحیر شاہ، ناصر جمال، قیس احمد، ظاہر خان، ضیا الرحمان اکبر، یامین احمد زئی، نجات مسعود، محمد سلیم صافی اور نوید زدران کو منتخب کیا گیا ہے۔